27.1 C
Islamabad
بدھ, مئی 7, 2025
ہومعلاقائی خبریںبھارت کے یکطرفہ اقدامات خطے میں کشیدگی کو ہوا دے رہے ہیں،...

بھارت کے یکطرفہ اقدامات خطے میں کشیدگی کو ہوا دے رہے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی سپریم کورٹ بار کے صدرسے ملاقات میں گفتگو

- Advertisement -

کوئٹہ۔ 06 مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے منگل کو سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میاں رؤف عطا نے ملاقات کی۔

اس موقع پر سپریم کورٹ بار کے نائب صدر بلوچستان محمد اسحاق نوتیزئی اور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر میر عطا اللہ لانگو بھی موجود تھے ملاقات میں مشرقی سرحدوں پر پیدا ہونے والی حالیہ صورتحال سمیت مختلف اہم قومی و علاقائی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

- Advertisement -

فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان، جو خود دہشت گردی کے المناک واقعات کا شکار رہا ہے، ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے۔

اس موقع پر اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات خطے میں کشیدگی کو ہوا دے رہے ہیں اور دو ایٹمی طاقتوں کو ایک خطرناک تصادم کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو ایک انتہائی اشتعال انگیز اقدام قرار دیا گیا۔

صدر بار نے ملک بھر کی وکلاء برادری کی جانب سے پاکستان کے مؤقف کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ہر قسم کی قربانی دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے قومی اتحاد اور یکجہتی کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا میاں رؤف عطا نے وزیر اعلیٰ کو ان ملاقاتوں سے بھی آگاہ کیا جو انہوں نے مختلف قومی سیاسی قائدین سے بلوچستان کے مسائل پر وسیع البنیاد قومی اتفاقِ رائے کے لیے کیں، جسے وزیر اعلیٰ نے سراہا۔

فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بلوچستان کے دیرینہ مسائل کا پائیدار حل بات چیت، رابطہ کاری اور جمہوری عمل میں مضمر ہے اور ان کوششوں کو مسلسل جاری رہنا چاہیے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت تمام قومی اداروں، بار ایسوسی ایشنز اور سیاسی قیادت کے ساتھ مل کر صوبے کے مسائل کے حل، قانون کی بالادستی اور قومی ہم آہنگی کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ریاستی اداروں اور عوام کو ملک کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے یک زبان ہونا ہوگا، اور بلوچستان اس جدوجہد میں ہمیشہ صفِ اول میں رہے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593427

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں