کوئٹہ۔ 07 مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، ترجمان صدر آصف علی زرداری و صوبائی وزیر زراعت و کوآپریٹو میر علی حسن زہری نے بھارت کی جانب سے معصوم شہریوں پر بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔
اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کا یہ عمل پہلگام واقعے کو جواز بنا کر پاکستان پر الزام لگاکر اپنے مذموم مقاصد میں بری طرح ناکام ہونے کا نتیجہ ہے ، بے گناہ شہریوں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت اقدام ہے۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ایئر اسٹرائیک نہیں بلکہ بزلانہ عمل ہے جس میں اسے منہ کی کھانا پڑی اوربہادر فوج نے بھارت کے 5 جہاز گرا کر اپنی برتری ثابت کی ۔
انہوں نے بھارتی طیارے گرانے پرپاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاک فوج ایک تربیت یافتہ فوج ہے اور اپنے وطن کے چپے چپے کی حفاظت کرنا خوب جانتی ہے ۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ ہماری سرحدیں محفوظ ہیں اور بھارت کے ہر بزدلانہ حملہ کا دنداں شکن جواب دیا جائے گا۔