27.7 C
Islamabad
منگل, مئی 13, 2025
ہومقومی خبریںبھارتی جارحیت کے خلاف آپریشن بنیان المرصوص کی تاریخی کامیابی سے پاک...

بھارتی جارحیت کے خلاف آپریشن بنیان المرصوص کی تاریخی کامیابی سے پاک فوج نے جرات و بہادری کی نئی تاریخ رقم کی، پروفیسر احسن اقبال کا یوم تشکر ریلی سے خطاب

- Advertisement -

لاہور/ نارووال۔11مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے خلاف آپریشن بنیان المرصوص کی تاریخی کامیابی سے پاک فوج نے جرات و بہادری کی نئی تاریخ رقم کی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی کے حوالے سے یوم تشکر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاک فوج نے رات کے اندھیرے میں وار کرنے والے بزدل اور مکار دشمن کو دھول چٹا کر دنیا کو بھی حیران کردیا، پاکستان نے ثابت کیا جنگیں تعدادسے نہیں جیتی جاتیں، پاکستان نے رافیل طیارے گراکر بھارت کا غرور خاک میں ملایا،

پاکستان نے ثابت کیا کہ شاہینوں کا مقابلہ دنیا میں کوئی نہیں کرسکتا، ایل اوسی پر ہماری افواج نے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بناکر بھاگنے پر مجبور کردیا۔ انہوں نے کہا بھارتی پائلٹ نے جہاز اڑانے سے انکار کردیا اورڈرونز بھیجنے پر مجبور ہوئے، پاکستانی افواج نے70سے زائد بھارتی ڈرونز گرائے، بھارت نے رات کی تاریکی میں پاکستان پر3میزائل چھوڑے، پاکستان نے جوابی کارروائی میں بھارت کے ہوائی اڈوں،فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے بھارت کو ناکوں چنے چبوائے کہ بھارت کی چیخیں واشنگٹن پہنچی، بھارت امریکا سے کہتا رہا آئو اور ہماری جان چھڑوا، اب دشمن آئندہ ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرے گا۔

- Advertisement -

قبل ازیں ریلی کی قیادت وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے کی جبکہ کرتار پور چوک سے نور کوٹ چوک تک نکالی گئی اس ریلی میں پی پی 56سے رکن پنجاب اسمبلی منان خان چودھری ، سیاسی و سماجی رہنماوں، سمیت مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ریلی کے شرکا نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے جن پر پاک فوج اور پاک فضائیہ کے شاہینوں کے حق میں نعرے درج تھے -قومی پرچم تھامے ریلی کے شرکا نے پاک فوج کو ملکی دفاع پر شاندار خراج تحسین پیش کیا اور پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے -ریلی کے راستے میں شرکا پر مختلف مقامات پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595866

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں