بھارتی سازش کے حوالے سے تمام شواہد آئی سی سی اور تمام بین الاقوامی فورمز کے سامنے رکھیں گے،اپوزیشن حکومت کے ساتھ مل کر ففتھ جنریشن وار کا مقابلہ کرے،وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات

42

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو ففتھ جنریشن وار فیئر کا سامنا ہے، ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی سے پاکستان کا دنیا بھر میں مثبت تشخص اجاگر ہو رہا ہے، بھارت کو یہ بات ہضم نہیں ہو رہی اسلئے اب وہ پاکستان میں کرکٹ کے خلاف بھی سازشیں کر رہا ہے،

بھارت کی جانب سے ہی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو جعلی آئی ڈی کے ذریعے سیکیورٹی کے حوالے سے غلط اطلاع دی گئی، ہمارے پاس تمام شواہد ہیں جو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) سمیت تمام بین الاقوامی فورمز کے سامنے رکھیں گے، اپوزیشن جماعتوں سے درخواست ہے کہ وہ اس ایشو پر سیاست کرنے کی بجائے حکومت کے ساتھ مل کر ففتھ جنریشن وار کا مقابلہ کریں۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل ای یو ڈس انفولیب کی رپورٹ میں 750 کے قریب بھارت کی جعلی ویب سائٹس کا انکشاف ہوا تھا، ان جعلی ویب سائٹس کے ذریعے بھارت پاکستان کے خلاف مواد شیئر کرتا اور پھر جعلی فیس بک اور ٹویٹر اکاﺅنٹس بنا کر انہیں وائرل کرتا رہا ہے،

پاکستان پہلے بھی بھارتی سازشوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔ فرخ حبیب نے کہا کہ اسی طرح جب تحریک لبیک پاکستان کا ملک میں مظاہرہ چل رہا تھا اور احمدآباد بھارت سے ایک ہی دن میں ہزاروں ٹویٹس کی گئیں جن میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ پاکستان میں خانہ جنگی کی صورتحال ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جعلی آئی ڈی بنا کر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو سیکیورٹی کے حوالے سے غلط اطلاع دی، بھارت نے پہلے احسان اللہ احسان کے نام سے جعلی فیس بک آئی ڈی بنا کر نیوزی لینڈ کے اوپنر مارٹن گپٹل کی اہلیہ کو جعلی ای میل کے ذریعے دھمکی دی اور اس کے بعد حمزہ آفریدی کی جعلی آئی ڈی سے انٹرپول ویلنگٹن کو اسی طرح کی دھمکی دی گئی، قومی اداروں نے بھارتی سازش کے تمام شواہد جمع کر لئے ہیں جو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سمیت تمام بین الاقوامی فورمز کے سامنے رکھیں گے۔