راولپنڈی۔18دسمبر (اے پی پی):بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے چیری کوٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی گاڑی کو نشانہ بنایا تاہم گاڑی میں سوار غیر ملکی مہمان محفوظ رہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے چیری کوٹ سیکٹر میں اقوام متحدہ کی گاڑی کو اپنی بلا اشتعال فائرنگ کا نشانہ بنایا۔اقوام متحدہ کی گاڑی میں دو ملٹری آبزرورز موجود تھے، جو سیز فائر کی خلاف ورزی کے شکار افراد سے ملاقات کرنے پولاس گاؤں کی جانب جا رہے تھے۔یہ بات نوٹس میں رہے کہ اقوام متحدہ کی گاڑیاں دور سے ہی پہچانی جاتی ہیں۔ انڈین فوج کی گولیاں گاڑی کو لگیں تاہم خوش قسمتی سے اس میں موجود یو این مبصرین محفوظ رہے۔ پاک فوج کی جانب سے مہمانوں کو فوری طور پر موقع سے بحفاظت نکالتے ہوئے راولا کوٹ پہنچایا گیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنی ٹویٹ میں اس اشتعال انگیز واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج کا یہ اقدام اقوام متحدہ کے چارٹر اور اصولوں کی کھلی خلاف وزری ہے۔ بھارتی فوج نے اب اقوام متحدہ کے امن مشنز کو بھی نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کنٹرول لائن پر آبادی کو بھی نشانہ بناتی رہتی ہے۔ بھارتی اقدام اس کی مکروہ سوچ کو بے نقاب کرتا ہے۔ بین الاقوامی قوانین کے خلاف بھارتی اقدام غیر قانونی ہے۔