بھارتی فوجیوں نے ضلع بارہمولہ میں 2 نوجوانوں کو گرفتار کر لیا

118
بھارتی فورسز

سرینگر۔4ستمبر (اے پی پی):بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے ضلع بارہمولہ میں2 نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج کی 52راشٹریہ رائفلز اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے ضلع کے علاقے شرکواڑہ میں بس سٹاپ پر کارروائی کرتے ہوئے توصیف رمضان اور معین امین نامی 2 نوجوانوں کو گرفتار کیا۔فوجیوں نے نوجوانوں کی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لئے انہیں مجاہدین کے معاونین قرار دیاہے۔

دریں اثنا بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے نثار احمد اور مشتاق حسین نامی2 افراد کو باضابطہ طورپر گرفتار کیا ہے جو اس وقت ایک اورجھوٹے کیس میں کوٹ بھلوال جیل جموں میں نظر بند ہیں۔این آئی اے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ انہیں جموں میں این آئی اے کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا اور 12دن کے لئے این آئی اے کی تحویل میں دیا گیاہے۔