
اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):لائن آف کنٹرول (ایل او سی)کے ستوال سیکٹر میں بھارتی فورسز کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر پاکستان نے شدید احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے بھارتی ناظم الامور کو ہفتہ کو وزارت خارجہ میں طلب کیا ۔بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں دو شہری شہید اور ایک زخمی ہو گیا ، یہ واقعہ، 24 جون 2023 کو پیش آیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی بے ہودہ کارروائیاں 2003 کے جنگ بندی معاہدے، بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں، جس کی فروری 2021 میں توثیق بھی کی گئی تھی ۔بھارت پر زور دیا گیا کہ وہ جنگ بندی معاہدے کا احترام کرے، واقعے کی تحقیقات کرائے اور لائن آف کنٹرول پر امن برقرار رکھے۔