بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا اکائونٹس کی منظم اور بدنیتی پر مبنی مہم، ایران اسرائیل جنگ میں پاکستان سے فوجی اڈے مانگنے کی جھوٹی خبریں مذموم مہم کا حصہ ہیں، فیکٹ چیکر، وزارت اطلاعات

22
Ministry of Information and Broadcasting
Ministry of Information and Broadcasting

اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):وزارت اطلاعات و نشریات کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”فیکٹ چیکر“ نے بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا اکائونٹس کی جانب سے پاکستان کے خلاف پھیلائی جانے والی جھوٹی اور من گھڑت خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔

فیکٹ چیکر نے جمعہ کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ”ایکس“ پر اپنی ایک پوسٹ میں واضح کیا ہے کہ بھارت سے منسلک میڈیا ادارے اور سوشل میڈیا اکائونٹس جان بوجھ کر منظم طریقے سے پاکستان کے خلاف جھوٹی اور گمراہ کن خبریں پھیلا رہے ہیں جن میں کہا جا رہا ہے کہ اسرائیل ۔ ایران جنگ کے دوران پاکستان سے فوجی اڈوں کا مطالبہ کیا گیا ہے اور یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود کو انٹیلی جنس اکٹھا کرنے کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔

فیکٹ چیکر نے ان تمام دعوئوں کو بالکل جھوٹ، بے بنیاد، مضحکہ خیز اور لغو پروپیگنڈا قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ سب بھارت کے میڈیا اور اس کی پراکسیز کی جانب سے پاکستان کو بدنام کرنے کی مذموم کوششیں ہیں۔