لاہور۔9مئی (اے پی پی):چیئرمین ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی(ٹیوٹا)بریگیڈیئر (ر) محمد ساجد کھوکھرنے کہا ہے کہ بہتری لانے کے لیے انڈسٹری اور اکیڈمیا کے درمیان مضبوط روابط ضروری ہیں تاکہ انڈسٹری کی ضرورت کے مطابق افرادی قوت تیار کی جاسکے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چودھری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی ممبران سید حسن رضا، انجینئر افتخار احمد اور عبدالمجید بھی اس اجلاس میں موجود تھے۔
چیئرمین ٹیوٹا نے کہا کہ ٹیوٹا کے زیر انتظام 388انسٹی ٹیوشنز ہیں جہاں تین ماہ سے چار سال تک مدت کے 160سے زائد کورسز کرائے جارہے ہیں۔ انہوں نے لاہور چیمبر کے صدر کی طرف سے اٹھائے گئے نکات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ان نکات پر توجہ دی جائے گی اوراساتذہ کے معیار، ایکویپمنٹ اور ٹریننگ میٹریل میں بہتری لائی جائے گی۔
انہوں نے حاضرین کو آگاہ کیا کہ انڈسٹری کے لوگوں کو آن بورڈ لیکر نصاب اپ ڈیٹ کررہے ہیں، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعمیرات اور ہاسپٹلٹی کے شعبوں پر خاص توجہ دی جارہی ہے ،اوورسیز ایمپلائمنٹ کو مدنظر رکھ کر کورسز ڈیزائن کیے گئے ہیں تاکہ افرادی قوت کو بیرون ملک ملازمت کے حصول میں مشکلات درپیش نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچ لینگویج کورسز شروع کیئے گئے ہیں تاکہ طلبہ کی بین الاقوامی کمیونیکیشن صلاحیتوں کو بہتر بنایا جاسکے۔
صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ لاہور چیمبر ٹیوٹا کے ساتھ مل کر فنی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے موجودہ معیار کو بہتر کرنے کے لئے ہر طرح سے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔انہوں نے تجویز پیش کی کہ ٹیوٹا کے زیرِ انتظام ضلعی سطح پرانڈسٹری کے سے متعلق سکلز کونسلز بنائی جائیں تاکہ مختلف ٹریننگ پروگرامز کے ڈیزائن اور کورس کی تشکیل میں نجی شعبے اپنا کلیدی کردار ادا کرسکیں۔
میاں ابوذر شاد نے کہا کہ یہ بہترین وقت ہے کہ ہم سکِل ڈویلپمنٹ کے تمام اداروں کے نصاب میں ضروری ترامیم کریں، نوجوان ٹیوٹا سے کوئی بھی کورس کریں ، وہ مہارت کے لحاظ سے کسی سے بھی کم نہ ہوں اور ان کو اپنی مہارت کی بنیاد پر بہتر ملازمت تلاش کرنے میںمددملے۔
سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چودھری نے کہا کہ لاہور چیمبر نے ہمیشہ انڈسٹری اکیڈیمیا لنکج کو مضبوط کرنے پر زور دیا ہے،ہم چاہتے ہیں کہ ٹیوٹا کے ساتھ بھی لنکج کو بہتر کیا جائے اور آگے جاکر تمام ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹس کو اس لنکج کا حصہ بنایا جائے
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595028