بہترین عالمی معاشرے کی تشکیل کے لیے فیس بک جیسا میڈیم اہم کردار ادا کر سکتا ہے،قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری

88

اسلام آباد ۔ 25 ستمبر (اے پی پی) قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ بہترین عالمی معاشرے کی تشکیل کے لیے فیس بک جیسا میڈیم اہم کردار ادا کر سکتا ہے تاہم اس میڈیم کو کسی کی دل آزاری کے لئے استعمال نہیں ہونا چاہیے اور مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے مواد کے سدباب کے لیے قانون سازی ہونی چاہیے تا کہ کسی فرد یا ادارے کا نقصان نہ ہو۔ بدھ کو یہاں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز میں فیس بک کے زیراہتمام سوشل میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے قائم قام سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ ورکشاپ کا انعقاد خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ای گورننس کے ویژن کو بھی سوشل میڈیا کے ذریعے پائہ تکمیل تک پہنچایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی انتخابی مہم چلائی اس سے لوگوں میں آگہی آئی، میرے جیسا عام آدمی بھی ڈپٹی سپیکر کے عہدے پر فائز ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھری جی اور فورجی آنے کے بعد سوشل میڈیا عام ہوا اور اس سے لوگوں کو زبان ملی اور وہ اپنی آواز بلند کرنے کے قابل ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی بہت بڑی آبادی سوشل میڈیا کے ذریعے آپس میں جڑ گئی ہے۔ پاکستان کے بہت سے مسائل اس سے اجاگر ہوئے اور بہت سے ایسے مسائل جو حل طلب تھے وہ بھی حل ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے 80 لاکھ عوام محصور ہیں، وہاں پر انفارمیشن بلیک آؤٹ ہے، دنیا میں کسی کو کچھ پتہ نہیں کہ وہاں پر کیا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیس بک اور انسٹاگرام کو آزادی اظہار رائے کا احترام کرنا چاہیے، فیس بک تیزی سے پھیلنے والا نیٹ ورک ہے ،فیس بک کو مظلوموں کی آواز بننا چاہیے۔