فیصل آباد۔ 29 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن، پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز محکمہ زراعت فیصل آبادڈاکٹر عامر رسول نے کہا کہ کاشتکار و باغبان بیر کی فصل کو بیماریوں سے بچانے کیلئے محکمہ کے عملہ کی مشاورت سے پھپھوندی کش زہروں کا استعمال کریں تاکہ بیر کی فصل کو ہر قسم کے نقصان سے بچایا جاسکے۔
کاشتکاروں کی آگاہی کیلئے انہوں نے کہا کہ جہاں بیر کے پودوں کو مختلف بیماریوں سے بچانے کے لئے زہروں کا استعمال ضروری ہے وہیں باغات میں گوبر کی گلی سڑی کھاد کا استعمال بھی انتہائی مؤثر ثابت ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر گوبر کی گلی سڑی کھاد 20 کلو گرام چھوٹے پودے اور 40 کلوگرام بڑے پودے کی شکل میں ڈالی جائے تو پودے ان کی سڑن سے بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پتوں پر کیڑے کے حملے سے کالے رنگ کے نشان نمودار ہونا شروع ہوجاتے ہیں جس سے پھل کی شکل بھی خراب ہوجاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اگر کسی باغ میں کوئی غیر معمولی علامت ظاہر ہو تو فوری طور پر محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے رابطہ کیا جائے تاکہ کسانوں کو فصلات کے نقصان سے بچایا جاسکے۔