مظفر آباد۔ 09 مئی (اے پی پی):صدر آزادجموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں وکشمیریونیورسٹیز بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی زیر صدارت یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ کا 28واں سینٹ اجلاس ایوان صدر کشمیر ہاؤس، اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اس موقع پر سینٹ اجلاس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف پونچھ پروفیسر ڈاکٹر ذکریا ذاکر، وائس چانسلر گورنمنٹ کالج وویمن یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر کنول امین، نمائندہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان پروفیسر ڈاکٹر انوارالحسن گیلانی،سیکرٹری صدارتی امور ڈاکٹر محمد ادریس عباسی،سابق وائس چانسلر فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا، پروفیسر ڈاکٹر عبدالخالق یونیورسٹی آف پونچھ،رجسٹرار جامعہ پونچھ پروفیسرڈاکٹر محمد عبدالرؤف خان، ایڈیشنل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن شاہد حسین اور دیگر سینٹ ممبران نے شرکت کی۔
اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف پونچھ پروفیسر ڈاکٹر ذکریا ذاکر نے صدر آزادجموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں وکشمیریونیورسٹیز بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور سینٹ ممبران کو جامعہ پونچھ میں تعلیمی سرگرمیوں اور جاری پروجیکٹس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جامعہ پونچھ کے چھوٹا گلہ کیمپس کی تعمیرکا آغاز جلد ہی 3.6بلین روپے کی لاگت سے شروع کیا جائے گا اس پروجیکٹ کا سنگ بنیاد جلد صدر آزادجموں وکشمیر و چانسلر آزادجموں وکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اپنے دست مبارک سے رکھیں گئے۔
اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں وکشمیریونیورسٹیز بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سینٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے تمام تر وسائل اور توانائیاں بروئے کار لائی جائیں گی ۔اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں وکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں جامعہ پونچھ کو آکسفورڈ،ہاوورڈ یونیورسٹی اور دنیا کی دوسری بہترین یونیورسٹیز کی فہرست میں دیکھنا چاہتا ہوں،پونچھ میں میڈیکل کالج اورجامعہ پونچھ میں تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ سے معاشی اور کاروباری لحاظ سے یہاں کے مقامی لوگوں کو فائدہ ہو گا۔
صدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزادجموں وکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وائس چانسلر جامعہ پونچھ پروفیسر ڈاکٹر ذکریا ذاکر کو ہدایت کی کہ یونیورسٹی میں معیار تعلیم کی بہتری کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں اور یونیورسٹی کے جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے۔
جامعہ پونچھ کے چھوٹا گلہ کیمپس کی تعمیر سے پونچھ میں یونیورسٹی سٹی وجود میں آئے گی جس سے پونچھ میں تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا اور پونچھ کے مسائل حل ہونے میں بھی مدد ملے گی۔ صدربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ انشاء اللہ وہ وقت قریب ہے کہ ہم پونچھ میں یونیورسٹی آف پونچھ کو ایک عالمی معیار کی جدید یونیورسٹی دیکھیں گے اور میں جامعہ پونچھ راولاکوٹ کے روشن مستقبل اور ترقی کے لئے پرامید ہوں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594884