اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پاکستان سے آئی ٹی برآمدات میں اضافے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ملک میں آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں اس سے ملک میں آئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافہ ہو گا۔
وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو یہاں پاکستانی تاجروں کی تنظیم سیلیکون ویلی کیلیفورنیا کے صدر جنید قریشی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے یہاں ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹ انڈسٹری اور پاکستان میں آئی ٹی/آئی ٹی ای ایس سیکٹر کی اہمیت اور اس کو 2.5 بلین ڈالر سے بڑھا کر 15 بلین ڈالر کی صنعت بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات میں سیلیکون ویلی میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی ۔
وزیراعظم نے پاکستان میں آئی ٹی برآمدات میں اضافے میں پاکستانیوں کے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے جنید قریشی کی بھی حوصلہ افزائی کی کہ وہ پاکستان میں آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ میں اپنا حصہ ڈالیں۔ جنید قریشی نے ” ٹیک ڈسٹینیشن پاکستان” کی بین الاقوامی مہم کو بھی زیر بحث لایا اور بتایا کہ حکومت کے لیے یہ کتنا ضروری ہے کہ وہ مارکیٹنگ مہم میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کرے تاکہ عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا جا سکے۔
جنید قریشی نے وزیر اعظم کو ستمبر میں اقوام متحدہ کے دورے کے دوران سیلیکون ویلی کا دورہ کرنے اور سلیکون ویلی کی مشہور ترین ٹیک کمپنیوں کے رہنمائوں سے ملنے اور پاکستان کو دنیا کے ” ٹیک ڈسٹینیشن پاکستان”کے طور پر پیش کرنے کی دعوت دی۔
ملاقات میں آئی ٹی پالیسیوں میں بہتری کے لیے تجاویز بھی زیر غور آئیں جن کو اپنانے سے ملک میں آئی ٹی ایکسپورٹ کی ترقی کو مزید تقویت مل سکتی ہے۔ ملاقات میں مائیکرو ڈگریوں اور مختصر سرٹیفکیٹس کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیااور بتایا گیا کہ یہ نوجوانوں کو آئی ٹی انڈسٹری میں بھرتی کرنے کے قابل بنانے میں کتنے فائدہ مند ہو سکتے ہیں ۔