اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ، ان کو درپیش تمام مسائل کے حل کےلئے وزارت خارجہ ، وزارت خزانہ ، سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت ، سٹیٹ بینک اور نادرا سمیت تمام متعلقہ اداروں پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کی جائے جومسائل کے حل کےلئے تجاویز مرتب کرکے وفاقی کابینہ کو پیش کرے، قومی اسمبلی میں ان مسائل کے حل کےلئے قانون سازی کی جائے گی اور صوبو ں سے میں خود بات کروں گا،بیرون ملک مقیم پاکستانی اگرسمجھتے ہیں کہ انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت ملنی چاہئے تو وہ اس سلسلے میں اپنی اپنی جماعتوں سے بات کریں ، کوئی بات حرف آخر نہیں ہوتی یہ ملک کے حقیقی سفیر ہیں، انہیں وہ عزت و تکریم ملنی چاہیے جس کے یہ حقدار ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں پیر کو اوورسیز پاکستانیز کے پہلے سالانہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سپیکر نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں کیونکہ ان کی بھجوائی گئی ترسیلات زر ہماری برآمدات سے بھی زیادہ ہیں ، اگر ہم ایکسپورٹرز کو ریلیف دے سکتے ہیں تو انہیں بھی ریلیف دینا چاہیے، بیرون ملک اہم سفارت خانوں میں زیادہ ترسیلات زر بھجوانے والے سمندر پار پاکستانیوں کو بھی وہی مقام اور مرتبہ ملنا چاہیے جو وزرا، ارکان پارلیمنٹ اورہمیں حاصل ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ ملک کی خدمت کرنے والے ان پاکستانیوں کوبھی اعزازی طور پر سفیر مقرر کیا جائے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ جو مسائل کنونشن میں بیان کئے گئے ہیں میں ان کی مکمل تائید کرتا ہوں تاہم ان کے حل کےلئے وزارت خارجہ ، وزارت خزانہ ، سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت ، سٹیٹ بینک اور نادرا سمیت تمام متعلقہ اداروں پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کی جائے جو ان کی طرف سے بیان کردہ تمام مسائل کے حل کےلئے سفارشات مرتب کرے اوران کے فوائد اور نقصانات کا بھی جائزہ لینے کے بعد حتمی رپورٹ وفاقی کابینہ کو پیش کرے جن پر قومی اسمبلی میں بحث کرائی جائے او ر اس کے بعد ان کے حل کےلئے باقاعدہ قانون سازی کی جائے۔
انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی آپ کی ہے ، ہم اس معاملے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کےلئے تیار ہیں ، اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کو الیکشن لڑنے کی اجازت ہونی چاہئے تو اس سلسلے میں آپ اپنی اپنی جماعتوں سے بات کریں تاکہ اس تجویز پر ایوان میں غورو خوض کے بعد کوئی حتمی حل نکالا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بات بھی حرف آخر نہیں ہوتی، ہم چاہتے ہیں کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مشکلات اورمسائل کا حل نکالا جا ئے ۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی زمینوں پر قبضوں کی شکایات کے ازالے کےلئے تحصیلدار،پٹواری، ایس ایچ او اور ایس پی سمیت سب کوآن بور ڈ لیا جائے ، اس سلسلے میں تمام صوبوں سےمیں خود بات کرو ں گا۔ سپیکر نے کہا کہ مجھ سے ملاقات کرنے کےلئے غیرملکی آتے ہیں ،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے پاسپورٹس اور شناختی کارڈ ز کے مسائل ہیں ان کے حل کےلئے آن لائن سسٹم کو رائج ہونا چاہیے،
ملک میں اس وقت ڈیجیٹائزیشن پر کام ہورہا ہے اورپیپرلیس سسٹم کی طرف ہم جارہے ہیں ،کسی بھی پاکستانی کودفتر میں جانے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے ، اسے گھر بیٹھ کر آن لائن خودکار نظام کے تحت اپنا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ حاصل کر نے کی سہولت دی جانی چاہیے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581601