اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان الحق صدیقی نے کہا ہے کہ بیرونی قرضوں سے چھٹکارے لئے محصولات میں اضافہ کرنا اور ٹیکس کلچر کو فروغ دینا ہو گا۔
جمعرات کو ایوان بالا میں آئندہ مالی سال25-2024کے وفاقی بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے سینیٹر عرفان الحق صدیقی نے کہا کہ اپوزیشن نے مثبت پیغام کے ساتھ بجٹ پر بحث کا آغاز کیا ہے، اس کو سراہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف پر کرپشن کا کوئی کیس نہیں تھا، عدالتوں نے اپنے فیصلوں میں بھی یہی لکھا کہ وہ کرپشن میں ملوث نہیں تھے، معاشی حالات میں بہتری کے لئے کشکول توڑنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اپنے دور حکومت میں سب سے زیادہ قرضہ لیا گیا، قرضوں سے بچنے کے لئے محصولات میں اضافہ کرنا اور ٹیکس کلچر کو فروغ دینا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اپنی چار سالہ دور حکومت کی کارکردگی بھی بتانی چاہیے، 2018 کے عام انتخابات کے موقع پر آر ٹی ایس بیٹھ گیا، ہم نے نتائج قبول کر کے مثبت سیاسی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی مفادات کو ترجیح دینا ہو گی، مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی پر ظلم و ستم ہوا، انہوں نے 9 مئی نہیں کیا نہ ہی سرکاری اور فوجی تنصیبات پر حملہ کیا۔