بیلا روسیئن ٹیلی گراف ایجنسی کی ڈائریکٹر جنرل ایرینا اکلو وچ کا بیلا روس کے سفیر کے ہمراہ اے پی پی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، منیجنگ ڈائریکٹر قمر اﷲ چوہدری سے ملاقات

130
APP60-19 ISLAMABAD: March 19 – Director General BelTA Ms. Irina Akulovich and MD APP Qamarullah Chaudri signing the documents of MoU at APP Headquarters. APP photo by Saleem Rana

اسلام آباد ۔ 19 مارچ (اے پی پی) بیلا روسیئن ٹیلی گراف ایجنسی (بیلٹا) کی ڈائریکٹر جنرل ایرینا اکلو وچ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بیلا روس کے درمیان قریبی میڈیا روابط دونوں ملکوں کی ثقافت اور معیشت کیلئے گیٹ وے کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں بیلا روس کے سفیر اینڈری ارمولو وچ کے ہمراہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) ہیڈ کوارٹرز کے دورہ کے موقع پر ادارہ کے منیجنگ ڈائریکٹر قمر اﷲ چوہدری سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران انہوں نے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان اور بیلٹا کے درمیان عالمی سطح پر خبروں بالخصوص تیزی سے جگہ بناتے ہوئے سوشل میڈیا کے بدلتے رجحانات میں تکنیکی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈی جی بیلٹا نے کہا کہ خبروں کے تبادلے سے دونوں متحرک معاشرے ایک دوسرے کے مخاطبین تک رسائی حاصل کرتے ہوئے باہمی تعلقات کو مزید فروغ دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا پاکستان کا دورہ 25 سالہ سفارتی تعلقات کے تناظر میں ہے۔ اس دوران انہوں نے وزیر اطلاعات و نشریات، سپیکر قومی اسمبلی کے ساتھ ملاقاتوں کے علاوہ تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی جو بیلا روس کی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے منعقد کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بیلٹا نے اپنے قیام کے 100 سال گذشتہ دسمبر میں مکمل کئے ہیں جو کہ 6 زبانوں سپینش، انگلش، رشیئن، فرنچ، چائنیز اور جرمن میں خبری مواد جاری کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیلٹا انفارمیشن سکیورٹی کے تصور کے تحت غلط خبروں کی جاری جنگ کے درمیان ساکھ برقرار رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیلٹا روزانہ 200 نیوز آئٹم جاری کرتی ہے جبکہ اس کے پاس 4 لاکھ سے زائد تصویروں کا ذخیرہ موجود ہے۔ اس موقع پر ایم ڈی اے پی پی نے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے ہیڈ کوارٹرز، 9 بیوروز اور 7 سٹیشنز کے ساتھ ساتھ اہم بیرون ممالک میں اپنے نمائندوں کے ذریعے ادارہ کے امور سے ڈی جی بیلٹا کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اے پی پی گلوبل کے آغاز کا مقصد عالمی سامعین تک پہنچنا ہے۔ اس موقع پر دونوں اطراف نے بہتر خبری تعاون کیلئے ایک دوسرے کے ملک میں نمائندوں کی تعیناتی کی ضرورت پر زور دیا۔ بعد ازاں ڈی جی بیلٹا اور ایم ڈی اے پی پی نے اے پی پی اور بیلٹا کے درمیان موجودہ مفاہمت کی یادداشت پر عملدرآمد کیلئے طریقہ کار کے تعین کیلئے مزید تعاون کی دستاویز پر دستخط کئے۔ ایم ڈی اے پی پی نے ایم ڈی بیلٹا اور بیلا روس کے سفیر کو سووینیئر پیش کیا جبکہ انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی لکھے۔ ڈائریکٹر نیوز شفیق قریشی، ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی غواث خان، ڈائریکٹر اکنامک نیوز بلال تھہیم اور انچارج اردو سروس حنیف صابر بھی اس موقع پر موجود تھے۔