اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):بیلجیم میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اینریک مورا سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اوریورپی یونین کے درمیان تعلقات کی مجموعی صورتحال اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستانی سفیرنے کہاکہ فریقین کے درمیان دو طرفہ تعاون سمیت تمام شعبے بہتری کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے پاکستان اوریورپی یونین کے درمیان سیاسی، اقتصادی، ماحولیاتی اور سیکورٹی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔
پاکستانی سفیرنے دو طرفہ تجارت کے فروغ میں جی ایس پی پلس کے مثبت کردار کو اجاگر کیا اورکہاکہ جی ایس پی پلس باہمی فائدے اور تعاون کا ایک بہترین نمونہ ہے۔
یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اینریک مورانے برسلز میں سفیر پاکستان کا خیرمقدم کیا اورکہاکہ یورپی یونین پاکستان کو ایک اہم شراکت دارملک سمجھتاہے ۔انہوں نے کہاکہ یورپی یونین دوطرفہ دوستانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے ۔