اقوام متحدہ۔16جون (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بڑھتے ہوئے بحرانوں کے دوران خواتین کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے اقدامات کرے۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز خواتین، امن اور سلامتی سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی وزارتی سطح پر ہونے والی کھلی بحث کے موقع پر خطاب میں کہا کہ خواتین، امن اور سلامتی کا ایجنڈا کرہ ارض کو رہنے کے قابل بنانے اور مزید پرامن مستقبل کے فروغ کے لیے ہمارے ایجنڈوں اور ہماری بہترین امیدوں میں سے ایک ہے ، اس ایجنڈے کے تحفظ اور فروغ کے لیے علاقائی تنظیموں کو مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے بحرانوں کے اس دور میں بین الاقوامی برادری کو امن اور استحکام کے لیے منظور شدہ حکمت عملیوں پر عمل کرنا چاہیے،خواتین کے حقوق کا تحفظ اور فروغ بھی حکمت عملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنفی مساوات پائیدار امن اور تنازعات سے بچنے کا راستہ فرہم کرتی ہے لیکن دنیا اس کی مخالف سمت پر گامزن ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے تنازعات صنفی عدم مساوات، غربت، ماحولیاتی تبدیلیوں اور عدم مساوات کی دیگر اقسام کو بڑھا رہے ہیں اور یہ کہ ان بحرانوں کے اثرات کے باعث خواتین اور لڑکیوں کو غیر متناسب طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور ان عوامل کے باوجود سکول نہ جانے والی لڑکیوں کی تعداد اور گھروں میں خواتین اور لڑکیوں پر تشدد کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
ا ن کا کہنا تھا کہ صنفی مساوات طاقت کا سوال ہے اور عورتوں سے نفرت اور غیر جمہوری سماجی رویے خوشحال اور مستحکم معاشروں کی بنیاد نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شواہد کے باوجود خواتین، امن اور سلامتی کے ایجنڈے کو دنیا بھر میں چیلنج کیا جا رہا ہے اور یہاں تک کہ اس کی مخالف سمت کی طرف گامزن ہوا جارہا ہے۔
اقوام متحدہ کے سربراہ نے تمام رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ اس حقیقت پر غور کریں کہ خواتین کی قدر و اہمیت پر مستقل معاہدے کے باوجود امن مذاکرات کی میز پر ان کی شرکت اور ان کے تحفظ، انسانی حقوق اور وقار کے لیے کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد میں اب بھی بہت بڑا خلا موجود ہے۔ انہوں نےکہا کہ بین الاقوامی برادری خواتین کے حقوق کے تحفظ کی حمایت ،تنازعات سے بچنے اور امن سازی کے کام کے فروغ کا عزم کرے ۔