فیصل آباد۔ 27 اکتوبر (اے پی پی):کمشنر فیصل آباد ڈویژن سلوت سعید نےکہا ہے کہ کشمیر کا یوم سیاہ انسانی تاریخ کا ایک المناک باب ہے۔27اکتوبر 1947ء کو بھارت نے غیر قانونی طور پر ریاست جموں و کشمیر پر قبضہ کر لیا۔ یوم سیاہ کے حوالے سے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ کئی عشروں سے جاری مظالم کے باوجود بھارت کشمیر کی عوام کے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کرسکا۔انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے مقبوضہ وادی کی قانونی حیثیت تبدیل کرکے عالمی قوانین کوروندا،بھارت نے مقبوضہ کشمیر کودنیا کی بڑی جیل بنادیا ہے۔
کمشنر نے کہا کہ عالمی برادری کی تنازعہ کشمیر پرخاموشی مجرمانہ غفلت کے مترادف ہے،بین الاقوامی برادری کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور غیر انسانی سلوک کا نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا نام نہاد جمہوریت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے ہم آج مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کررہے ہیں،پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ہم بحیثیت قوم بھارت کے غیر قانونی قبضے کی مذمت اور کشمیریوں کے لئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں،ہر پاکستانی کا دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے، کشمیریوں کی جدوجہد رنگ لائے گی اور کشمیر کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔