اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بین الاقوامی معیار کی تربیت سے ہماری افرادی قوت کی بیرون ملک کھپت بڑھے گی اور زر مبادلہ میں اضافہ ہوگا،تمام تربیتی اداروں کی بین الاقوامی ایکریڈی ٹیشن کروائی جائے۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کے امور اور پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بھر میں وفاقی اور صوبائی پیشہ ورانہ اداروں میں دی جانے والی تربیت کو بین الاقومی معیار کا بنایا جائے تاکہ نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار تلاش کرنے میں آسانی ہو،بین الاقوامی معیار کی تربیت سے ہماری افرادی قوت کی بیرون ملک کھپت بڑھے گی اور زر مبادلہ میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تمام تربیتی اداروں کی بین الاقوامی ایکریڈی ٹیشن کروائی جائے۔
اس موقع پروزیر اعظم کو پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ نیوٹیک نے ملک بھر میں وفاقی اور صوبائی تربیتی اداروں کی میپنگ کرلی ہے،نیوٹیک کے نیشنل ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ ڈیٹا مینجمنٹ سسٹم کا آغاز فعال ہو چکا۔بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ پبلک سیکٹر کے تمام پیشہ ورانہ تربیتی پروگرامز کو نیو ٹیم کے سنگل ریگولیٹری فریم ورک کے تحت لایا جا رہا ہے اور نصاب کی اسٹینڈرڈائزیشن بھی کی جا رہی ہے،نیوٹیک کے زیر انتظام 2023-24 میں دی گئی ٹریننگ کے 53فیصد افراد کو ملازمتیں مل چکی ہیں، یہ ڈیٹا تربیت کے چھ ماہ بعد حاصل کیا گیا تھا۔
2020ء سے 2024ء تک نیوٹیک کے تحت پیشہ ورانہ تربیت حاصل کرنے والے 25 ہزار سے زائد افراد کو بیرون ملک ملازمت ملی ۔اس سال ایک لاکھ 46 ہزار افراد کو خدمات، سیاحت ، آئی ٹی، بینکنگ، ٹیکسٹائل اور تعمیرات کے شعبوں میں پیشہ ورانہ تربیت دی گئی ، اگلے سال کا ہدف 3 لاکھ پچاس ہزار ہے۔اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، چیئر مین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔