اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور نیسلے پاکستان کے مابین مستحق خواتین کی معاشی خودمختاری سے متعلق اقدامات کے دائرہ کار میں توسیع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد اور سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد نے نیسلے پاکستان کے کارپوریٹ ہیڈ وقار شیخ سےجمعہ کو بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران نیسلے پاکستان کی منیجر عتیقہ میر خان نے بی آئی ایس پی اور نیسلے کے درمیان جاری شراکت داری پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا اس شراکت داری کے تحت ملک بھر کے 29 اضلاع میں 3500 بی آئی ایس پی بینیفشریز بطور سیلز ایجنٹ کام کررہی ہیں۔اس موقع پر سینیٹرروبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے بی آئی ایس پی اور نیسلے کے مابین موجودہ شراکت داری کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی مالی نظام میں شمولیت کے پروگرام میں مستحق خواتین کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس اقدام سے مستفید ہوسکیں۔
نیسلے کارپوریٹ ہیڈ وقار شیخ نے اس بات کی یقین دہانی کرائی آئندہ سال مزید 500 بینیفشریز کو اس پروگرام میں شامل کرلیا جائیگا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی افسران کو ہدایت کے وہ خواتین کی معاشی خودمختاری کے نئے اقدامات کے آغاز کیلئے نیسلے ٹیم کے ہمراہ حکمت عملی تشکیل دیں تاکہ جلد ہی پائلٹ مرحلے کا آغازکیا جاسکے۔