23.2 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومقومی خبریںبینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مستحق اور ضرورت مند خاندانوں کی...

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مستحق اور ضرورت مند خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی جارہی ہے، محمد امجد ثاقب

- Advertisement -

حیدرآباد ۔11دسمبر (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مستحق، غریبوں، ضرورت مندوں اور غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والے خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو قاسم آباد حیدرآباد میں بینظیر ڈائنامک سروے کے آفس کے دورے کے موقع پر اور بھٹائی نگر میں جامعہ مدینہ مسجد میں بی آئی ایس پی سندھ کے تمام تعلقوں، اضلاع اور ڈویزنس کے نمائندوں سمیت دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام کے ساتھ منعقدہ ایک اجلاس اور میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔

انہوں نے ملازمین کو ضرورت مند خواتین کیساتھ حسن سلوک سے پیش آنےکی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وہاں آنے والی تمام مستحق خواتین کے ساتھ اپنی ماؤں اور بہنوں جیسا سلوک کریں ۔ ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے بتایا کہ بی آئی ایس پی کے تحت 93 لاکھ ضرورت مند گھرانوں کی کفالت کیلئے 471 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ تعلیمی وظائف پروگرام کے تحت 83 لاکھ بچے سکولوں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں، انڈرگریجویٹ سکالرشپ پروگرام کے تحت ڈیڑھ لاکھ سے زائد طالب علم مستفید ہورہے ہیں، جبکہ نشوونما پروگرام کے تحت 13 لاکھ سے زائد گھرانے مستفید ہورہے ہیں۔

- Advertisement -

مستحق خواتین کو ملنے والی رقم سے کٹوتی کی شکایات کے حوالہ سے انہوں نے بی آئی ایس پی سندھ کے افسران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ کہ اگر ایسی شکایات موصول ہوئیں تو متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ملنے والی رقم کے مثبت استعمال کے حوالے سے مستحق خواتین کی رہنمائی کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان خواتین کو سندھ میں موجود فنی تعلیمی ادارے اسٹویٹا کے بارے میں بھی آگاہی دی جائے تاکہ وہ اپنے بچوں کو وہاں سے فنی تعلیم دلواکر روزگار کے قابل بناسکیں۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے عملہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر کام کریں۔

انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ مستحق خواتین کے ساتھ رویے کو بہتر رکھیں اور اضافی ذمہ داری سمجھ کر ہر ماہ تقریبا 100 گھرانوں کو روزگار اور فنی تعلیم کے بارے میں رہنمائی فراہم کریں۔ ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے افسران و عملہ کو ہدایت کی کہ وہ مستحق خواتین کو سمجھائیں کہ ایجنٹس سے پورے پیسے وصول کریں اور کوئی بھی کٹوتی نہ ہونے دیں۔ انہوں نے کہا کہ رقم کی تقسیم کے دوران اگر کوئی بھی ایجنٹ کٹوتی میں ملوث پایا جائے تو اس کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے۔ بعد میں انہوں نے بینظیر ڈائنامک رجسٹریشن سینٹر کا دورہ کیا اور وہاں موجود بی آئی ایس پی اور نادرا عملے سے بات چیت کی۔

اس موقع پر "اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا اولین مقصد یہ ہے کہ جو بھی مستحق ہو اسے اس پروگرام کے ذریعے فائدہ حاصل ہو اور انشااللہ جلد ملک بھر کے مستحقین کو رجسٹرڈ کیا جائے گا اور کٹوتی کے سدباب کے لئے مزید 8 بنکوں سے رابطہ کیا گیا ہے جس سے مستحق خواتین کو پوری رقم مل سکے گی۔ اس موقع پر انہوں نے پودا بھی لگایا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی سندھ ریاض احمد سومرو، ڈائریکٹر جنرل میڈیا ذوالفقار شیخ، جعفر پنہور، عدنان میمن اور دیگر متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=418867

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں