بینظیر بھٹو شہید پارلیمنٹ کے اندر اور پارلیمنٹ کے باہر مثالی کردار کی حامل سیاستدان تھیں ، سپیکر قومی اسمبلی کا و یمن کاکس کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب

56

اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو شہید پارلیمنٹ کے اندر اور پارلیمنٹ کے باہر ایک مثالی کردار کی حامل سیاستدان رہی ہیں،شہید بینظیر بھٹو عزم و جرأت اور جدو جہد کی عظیم مثال ہیں،موجودہ دور کی خواتین بجا طور پر محترمہ بینظیر بھٹو صاحبہ پر فخر کر سکتی ہیں۔وہ منگل کو اسلام آباد میں و یمن کاکس کے زیر اہتمام قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

تقریب میں سینیٹر یوسف رضا گیلانی، سینیٹر جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا بھی شریک ہوئیں۔راجہ پرویزاشرف نے کہا کہ میں اس سمپوزیم کے انعقاد پر ویمن پارلیمنٹری کاکس کی تمام ممبر پارلیمنٹیرینز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،خاص طور پر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی خدمات کا اعتراف کرتا ہوں، جنہوں نے اس ویمن پارلیمنٹری کاکس کا سنگِ بنیاد رکھا، موجودہ سیکرٹری ڈاکٹر سیدہ شاہدہ رحمانی کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں،اُنہوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے ساتھ ہی ایک عظیم الشان سمپوزیم کا انعقاد کر کےشہیدبینطیر بھٹو کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

بینظیر بھٹو شہید پارلیمنٹ کے اندر اور پارلیمنٹ کے باہر ایک مثالی کردار کی حامل سیاستدان رہی ہیں،شہید بینظیر بھٹو شہید عزم و جرأت اور جدو جہد کی ایک عظیم مثال ہیں،موجودہ دور کی خواتین بجا طور پر محترمہ بینظیر بھٹو پر فخر کر سکتی ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے ذوالفقار علی بھٹو شہید کی ایک باصلاحیت بیٹی ہونے کا ثبوت دیا ہے،جمہوریت اور مُلکی ترقی کے لیے اُن کی جلائی ہوئی شمع کو ہمیشہ روشن اور سربُلند رکھا، شہید بینظیر بھٹو نے ایک اچھی ماں ہونے کا ثبوت بھی دیا اور بلاول بھٹو زرداری جیسے عظیم فرزند کی تربیت کی،شہید رانی نے سیاست کے میدان میں جو انمٹ نقوش چھوڑے وہ اپنی مثال آپ ہیں ۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دُنیا کے سارے مذاہب اور دُنیا کے ساری تہذیب و تمدن اور کلچر اس بات پر متفق ہیں کہ انسانیت کے ساتھ سب سے بڑی زیادتی ظلم ہوتا ہے،اسی طرح تمام مفکرین اس بات پر متفق ہیں کہ بڑے لوگ ہمیشہ ظلم کے خلاف جدوجہد کرتے ہیں،شہیدبینظیر بھٹو کی زندگی کو دیکھا جائے تو آپ کی پوری زندگی ظلم کے خلاف جدوجہد سے عبارت ہے۔سپیکر نے کہا کہ محترمہ نے ظلم سہے تو ضرور ہیں لیکن کسی پر ظلم کیا نہیں ہے،اس دور میں شہید بینظیر بھٹو سے بڑا مظلوم کون ہوگا، جس کی جوانی میں اُس کے والد کو تختہ دار پر لٹکا دیا جائے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ یہ بات ہمارے پیشِ نظر رہنی چاہیے کے شہید بینظیر بھٹو کے والد کوئی عام انسان نہیں تھے،ذوالفقار علی بھٹو تیسری دُنیا کے قائد تھے،وہ تمام مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے والے تھے۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو ایک ایسی شخصیت تھے جنہوں نے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی،ایسے عظیم باپ کو شہید بینظیر بھٹو کے سامنے شہید کر دیا گیا مگر شہید بی بی نے اس ظلم کا جواب ظلم سے نہیں دیا،شہید بینظیر بھٹو بجا طور پر اس فلسفے کی بانی ہیں کہ جمہوریت ہی بہترین انتقام ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آج بھی شہید بینظیر بھٹو سے محبت کرنے والے لوگوں کے لیے شہید بی بی کا یہ پیغام ہے کہ جمہوریت کو مضبوط کرو۔جمہوری اداروں کو مضبوط کرو۔ مظلوم خواتین کے حقوق کے لیے جدوجہد کرو۔