13.2 C
Islamabad
منگل, فروری 25, 2025
ہومقومی خبریںتاجر برادری رمضان المبارک میں اشیاء خوردونوش کے نرخ کم رکھے، طاہر...

تاجر برادری رمضان المبارک میں اشیاء خوردونوش کے نرخ کم رکھے، طاہر اشرفی

- Advertisement -

اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے ملک بھر کی تاجر برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے دوران اشیاء خوردونوش کے نرخ کم رکھیں کیونکہ اسلام میں ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری جائز نہیں، حکومت پر فرض ہے کہ وہ ذخیرہ اندوزی یا ناجائز منافع خوری کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزا دے۔ منگل کو علماء کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران سحر و افطار اور تراویح کے اوقات میں بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے اس مرتبہ حج انتظامات بروقت شروع کئے اور اسی طرح وزارت مذہبی امور نے بھی حج 2025ء کے انتظامات شروع کر دیئے ہیں، توقع ہے کہ سرکاری حج سکیم کے تحت انتظامات بہترین ہوں گے، نجی حج سکیم کے حوالہ سے بھی ٹور آپریٹرز کو بھرپور محنت کرنا ہو گی۔ علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ فلسطین، فلسطینیوں کا اور غزہ، غزہ والوں کا ہے، مسلم ممالک رمضان المبارک میں غزہ کے بے کس اور بے بس لوگوں کی مدد کیلئے سامنے آئیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ سعودی دارالحکومت ریاض میں ہونے والی خلیج تعاون کونسل کے موقف کی مکمل تائید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی آواز سعودی دارالحکومت ریاض سے گونجی ہے، اسی طرح ہم اردن اور مصر کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فلسطینیوں کو دوسرے ممالک میں بسانے کے اعلان کو مسترد کر دیا ہے۔

علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان میں مذاکراتی عمل کو موقع دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کی مدد سے پاکستان کی معیشت بہتر ہو رہی ہے، معیشت میں بہتری سیاسی استحکام سے ہی آ سکتی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان علماء کونسل رمضان المبارک کے آخری عشرے میں یوم القدس و تحفظ حرمین شریفین منائے گی۔انہوں نے کہا کہ اب تک پی ٹی اے نے توہین مذہب پر مبنی مواد والی ایک لاکھ ویب سائٹس بند کی ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=566014

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں