
راولپنڈ ی۔13دسمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ آر ڈی اے نے تاجر برادری کو ہر ممکن تعاون اور تعمیراتی سرگرمیوں کے فروغ کو یقینی بنایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈی جی آرڈی اے نیاسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اجلاس میں خطاب کرتے ہوے کیا۔ اجلاس میں آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری، سابقہ صدر آئی سی سی آئی شیخ عامروحید، سینئر نائب صدر آئی سی سی آئی فاد وحید، نائب صدر آئی سی سی آئی اظہرالاسلام ظفر، ملک اسلم کھوکھر ممبر ایگزیکٹو کمیٹی اور دیگر ممبران موجود تھے۔
ڈی جی آرڈی اے نے شرکا سے خطاب کرتے ہوے راولپنڈی میں ترقیاتی منصوبوں بالخصوص رنگ روڈ، کچہری چوک پروجیکٹ، سگنل فری کوریڈور، عمار چوک فلائی اوور اور ٹرنک سیورنالہ لئی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی بھیڑ کم کرنے کیلئے راولپنڈی رنگ روڈ کے ساتھ انڈسٹریل سٹیٹ کا قیام کیا جائے گا، راولپنڈی رنگ روڈ جنوب مغربی سمت میں شہر کی ترقی کیلئے بڑا پل عنصر ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ رنگ روڈ کے ساتھ خصوصی اقتصادی زونز کا قیام شہر کی ترقی اور جدید ٹاؤن پلاننگ کے طریقوں پر گامزن کرے گا،طویل المدتی پالیسی اپنا کر شہر سے تجاوزات کا مستقل خاتمہ کیا جا ئے گا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آر ڈی اے تاجر برادری کی حمایت کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی مسائل کا حل نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ون ونڈو آپریشن سینٹر آر ڈی اے عوام الناس اور تاجر برادری کی سہولت کے لیے بنایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب ون ونڈو عمارات کے منصوبوں اور ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری، زمین کے استعمال میں تبدیلی اور آرآئی ٹی سکیموں کی جائیدادوں کی منتقلی سے متعلق مسائل کو حل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ڈی اے نے تعمیراتی سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرنے اور بلڈرز اور ڈویلپرز کو سہولت فراہم کرنے کیلئے این او سی کے اجرا اور عمارات کے منصوبوں و نقشوں کی منظوری کیلئے ٹائم فریم مقرر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آر ڈی اے کے کاروباری دوستانہ اقدامات کی وجہ سے تعمیراتی سرگرمیاں تیز ہو رہی ہی۔ اس موقع پر ڈی جی آر ڈی اے نے کہا کہ تاجر برادری قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رنگ روڈ راولپنڈی شہر کی ترقی کا ایک نیا افق قائم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آر ڈی اے بہت جلد آئی سی سی آئی کے ساتھ ایم او یو دستخط کرے گا جس سے عام شہری اور تاجر برادری آر ڈی اے ون ونڈو سے عمارات کے نقشے منظور کروانے کے لیے اپنی درخواستیں آئی سی سی آئی میں بھی جمع کروا سکیں گے۔ آئی سی سی آئی کانمائندہ نقشے جمع کروا کر آرڈی اے ون ونڈو بھیج سکے گا۔