لاہور۔30اپریل (اے پی پی):جنوبی پنجاب کی تاجر برادری نے پاکستان میں بھارتی فنڈنگ سے جاری دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خطے میں امن اور معاشی استحکام کیلئے شدید خطرہ قرار دیا ہے۔بدھ کو یہاں اپنے ایک مشترکہ بیان میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کنوینئر شاہد عمران اور وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا کہ بھارت اپنے تربیت یافتہ دہشت گردوں کی خفیہ حمایت کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازش میں ملوث ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت کے اس مبینہ گھنائونے کردار کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا جائے اور اقوام متحدہ جیسے اداروں سے مداخلت طلب کی جائے۔انہوں نے کہا کہ امن اور اقتصادی ترقی ایک دوسرے کے ساتھ لازم و ملزوم ہیں۔بزنس کمیونٹی نے مقامی صنعتوں اور سکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان اتحاد و یگانگت کی اپیل کی تاکہ ہائبرڈ جنگ کے خلاف دفاع کو مضبوط بنایا جا سکے۔انہوں نے بین الاقوامی اسٹیک ہولڈرز سے مطالبہ کیا کہ وہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں کیونکہ پائیدار امن علاقائی ترقی و خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590406