فیصل آباد۔ 17 نومبر (اے پی پی):ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو تارامیرا کی اچھی پیداوار کےلئے کھادوں کے بروقت اور مناسب استعمال کی ہدایت کی ہے ، اس فصل کو بڑھوتری کےلئے نائٹروجن اور فاسفورس کھاد کی ضرورت ہوتی ہے لہٰذا کاشتکار 12 کلوگرام فاسفورس اور 12 کلوگرام نائٹروجن کھاد فی ایکڑ ڈالیں تاکہ اچھی پیداوار ممکن ہو سکے۔
ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے ترجمان نے کہاکہ بوائی کے وقت آدھی مقدار نائٹروجن اور پوری مقدار فاسفور س بھی استعمال کی جا سکتی ہے،بقیہ آدھی نائٹروجن کو دوسراپانی لگاتے وقت کھیت میں ڈال دینااشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ فصل کی پہلی آبپاشی اگاؤ کے 35 روز بعد، دوسری مرتبہ پھول آنے پر اور تیسری مرتبہ بیج بنتے وقت پانی دینا چاہیے، بروقت پانی کی عدم فراہمی اور کمی بیشی پیداوارپر اثر اندازہو سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جڑی بوٹیوں کی تلفی کےلئے پہلی گوڈی پہلاپانی لگانے سے پہلے اور دوسری پانی لگانے کے بعد وتر آنے پر کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پودوں کی بروقت چھدرائی بھی ضروری ہے۔