ہمارا احساس پروگرام دنیا بھر میں چوتھے نمبر پر آیا ،پوری دنیاگلوبل وارمنگ کے حوالے سے عمران خان کے وژن کی معترف ہے،تحقیق کے میدان میں کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کریں گے، فرخ حبیب

130

فیصل آباد ۔12نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت ملکی عوام خصوصاًکم آمدنی والے افراد کو تمام ممکن بنیادی سہولیات اور غذائی اجناس کی سبسڈی پر فراہمی کیلئے اقدامات کررہی ہے جبکہ ہمارا احساس پروگرام دنیا کے3400 پروگرامز میں چوتھے نمبر پر آیاہے نیزپوری دنیاگلوبل وارمنگ کے حوالے سے عمران خان کے ویژن کی معترف ہے اور ہم اس حوالے سے تحقیق کے میدان میں کام کرنیوالوں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

وہ جمعہ کی دوپہرفزیالوجی ڈیپارٹمنٹ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے زیر اہتمام شعبہ فزیالوجی، فزیالوجیکل سوسائٹی لندن برطانیہ اور فزیالوجیکل سوسائٹی پاکستان کے اشتراک سے جامعہ کے قائداعظم آڈیٹوریم نیو کیمپس میں منعقدہ ورلڈ فزیالوجی فرائیڈے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے طلبا اقبال کے شاہین ہیں جنہوں نے مستقبل میں ملک و قوم کی باگ ڈور سنبھالنی ہے اسلئے ان کی بنیاد مضبوط بنانے کی ضرورت ہے لہٰذا اس ضمن میں حکومت نے تحقیق کے بجٹ میں 15 ارب روپے کا اضافہ کیا ہے جبکہ ہم ذہین طلبا و طالبات کواعلیٰ معیار کی تعلیم و تحقیق کیلئے 50 ہزار سکالر شپس دینے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی لیب دنیا کی بہترین لیبز میں سے ایک ہے اور چونکہ ہماری نئی نسل ہمارے آنیوالے وقت کی معمار ہے اسلئے ہمیں عالم اقوام کا مقابلہ کرنے کیلئے تحقیق کے میدان میں کام کرنیوالوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں مسائل کے حل پیش کرتی ہیں اسلئے آپ بھی اس جانب توجہ مرکوز اور اپنے اچھوتے آئیڈیاز سے ملک کو مستفید کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو قرضے دیئے جارہے ہیں جس کیلئے ابتدائی طور پر کامیاب جوان پروگرام کی مد میں 10 ارب روپے رکھے گئے ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ہم ایک ہزار ریسرچ سکالر شپس بھی دینے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے ہماری آئی ٹی کی برآمدات2 ارب ڈالر تھیں جو اب 3 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی بار یوتھ کیلئے مختلف پروگرامز کی مد میں نوجوانوں کیلئے 100 ارب روپے رکھے ہیں تاکہ ہمارے طلبا نوکری لینے کی بجائے نوکری دینے وا لے بن سکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم کے فروغ کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور اس ضمن میں گھر کی دہلیز کے قریب نئے اداروں کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے اور پنجاب حکومت صوبہ کے مختلف دوردراز شہروں میں ایک درجن سے زائد نئی یونیورسٹیاں بنارہی ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ طلبا کو ناکامی کے خوف سے گھبرانا نہیں چاہیے کیونکہ جو ناکامی سے گھبراتے ہیں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے اسلئے ذہن میں رکھیں کہ دراصل ناکامی ہی تجربات سکھاتی اور کامیابی کا زینہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جی سی یونیورسٹی میں جس محنت سے کام ہورہا ہے وہ قابل تحسین اور وہ یونیورسٹی کے تمام اساتذہ کواس پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی جامعات کو کیریئر یونیورسٹیز بنانا اور تعلیم و تحقیق کے ساتھ ساتھ عملی مہارت کی فراہمی بھی ممکن بنانا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز اور انڈسٹری اکیڈیمیا لیکیجز کا فروغ ریسرچ، انوویشن اور ویلیو ایڈیشن میں معاون ثابت ہوگا۔ وزیر مملکت اطلاعات نے کہا کہ ہماری آبادی میں نوجوانوں کی تعداد 60 فیصد ہے لہٰذا ملکی تقدیر بدلنے میں انہیں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ طلبا مستقبل کے معمار، آنیوالے کل کے اوپینین میکر اور مختلف شعبہ جات کی باگ ڈور سنبھالنے والے ہیں اسلئے ان کی تربیت اس عالمی معیار کے مطابق ہونی چاہیے کہ عملی زندگی میں کامیابیاں خود ان کی طرف لپکیں ۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان یاد رکھیں کہ کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا بلکہ کامیابی صرف اور صرف محنت اور مسلسل جدوجہد سے ہی ملتی ہے اور محنت شاقہ کے بغیر آگے بڑھنا ممکن ہی نہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں خداداد صلاحیتیں اور اچھوتے آئیڈیاز کی کوئی کمی نہیں بس ضرورت انہیں پالش کرنے اور مواقع فراہم کرنے کی ہے۔فرخ حبیب نے کہا کہ اگر کچھ کرنے کا حوصلہ، جذبہ، ہمت،حوصلہ، جستجو اور لگن نہ ہو تو سمجھیں وہاں سے انسان کا زوال شروع ہوگیا اسلئے کسی مشکل سے گھبرانا یا پریشان نہیں ہونا بلکہ اس کا مردانہ وار مقابلہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ اقبال کے شاہین ہیں اسلئے آپکو شاہینوں کی طرح آگے سے آگے جانا ہے جس کیلئے حکومت آپ کو تمام ممکن سہولیات و مراعات اور وسائل فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ آج ہم بین الاقوامی اداروں کے اشتراک سے ورلڈ فزیالوجی ڈے منارہے ہیں جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں ریسرچ کو پروموٹ کررہی ہے اور اس کے بجٹ میں 15 ارب کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے ساتھ ساتھ ضروری اصلاحات بھی لائی جارہی ہیں جن میں ڈگریوں کی تصدیق و دیگر امور شامل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پہلے نوجوانوں کو اپنی ڈگریوں کی تصدیق کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے دھکے کھانے پڑتے تھے لیکن اب ہم ایکویلینس آٹومیشن کی طرف جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 30 نومبر تک احساس سکالرشپ پورٹل اوپن ہے اسلئے طلبا و طالبات کو چاہیے کہ وہ اپنی تعلیمی ضروریات اور اخراجات پورے کرنے کیلئے پورٹل سے رجوع کریں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ ہم طلبا کو 2 لاکھ سکالرشپ دے چکے ہیں اور مزید 50 ہزار سکالر شپ دینے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جن طلبا کے پاس فیس کیلئے رقم نہیں ہوگی نہ صرف ان کی فیس حکومت ادا کرے گی بلکہ انہیں 40 ہزار روپے کے قریب وظیفہ بھی دے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ریسرچ پروگرام کے فروغ،اس ضمن میں درپیش مسائل کے حل کیلئے بڑے اذہان سے مدد لینے کی ضرورت ہے تاکہ یہ ہمیں سلوشنز فراہم کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ریسرچ کا بجٹ بڑھانے سمیت 1 ہزار ریسرچ سکالر شپ دے رہے ہیں بلکہ نیشنل پروگرام فار ریسرچ کے تحت فارن فنڈڈ سکالرشپس میں اضافہ بھی ممکن بنایا جارہا ہے۔

وزیر مملکت اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے اساتذہ اور دیگر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافہ کیا جبکہ اب ہم ایکسٹرا آرڈنری پرفارمنس پر 100 فیصد تنخواہ بڑھانے جارہے ہیں تاکہ ایک دوسرے سے آگے بڑھنے اور بہتر سے بہتر پرفارم کرنے کی جستجو پیدا ہو اور ہمارے اداروں کی کارکردگی میں بہتری لائی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے 10 ارب روپے کی فنڈنگ سے نالج اکانومی ٹاسک فورس قائم کی ہے جس کے سربراہ ملک کے ممتاز ماہر تعلیم و سائنسدان ڈاکٹر عطاالرحمن ہیں جو قبل ازیں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین کے طور پر مثالی خدمات فراہم کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، زراعت، بلاک چینج،آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور ایسے ہی دیگر شعبوں میں اپنی مہارتوں کو بڑھانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ایک لاکھ نوجوانوں کو ہائی ٹیک سکل فراہم کررہی ہے جن میں سے 25 ہزار سرٹیفائیڈ ہوکر اہم اداروں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز کو چاہیے کہ وہ ہائی پرفارمنس ایکسٹراکیوریکلر ایکٹیوٹیزکی جانب توجہ دیں تاکہ نوجوان سپورٹس سے جسمانی اور نفسیاتی طور پر مضبوط ہوسکیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت نے سکلز پالشنگ کیلئے 2 ارب روپے رکھے ہیں اور13 یونیورسٹیز میں اکیڈمیاں بن رہی ہیں جن کے مفید نتائج حاصل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ عالمی جریدے دی اکانومسٹ نے کورونا کے حوالے سے پاکستانی اقدامات کی تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ اس ضمن میں پاکستان میں حالات 90 فیصد تک نارمل ہیں جبکہ انہوں نے حکومت کے سوشل پروٹیکشن پروگرام، کلین اینڈ گرین پروگرام اور گلوبل وارمنگ سے بچاؤ کیلئے اقدامات کو بھی تمام فورمز پر سراہا ہے جو پاکستان کیلئے ایک اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز میں کامیاب جوان فسیلی ٹیشن سنٹرز بھی بنائے جارہے ہیں تاکہ کتابی کیڑوں کو پالش کرکے ان کی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کو لونز دینے کیلئے 100 ارب روپے مختص کئے ہیں جن سے 3 سے 5 فیصد مارک اپ پر کاروبار کیلئے 10 لاکھ سے اڑھائی کروڑ روپے تک قرضے فراہم کئے جارہے ہیں اور اب تک 26 ہزار سے زائد نوجوان لونز لے بھی چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہری پور اور سیالکوٹ میں انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹیز بھی بننے جارہی ہیں جن پر 23 ارب سے زائد لاگت آئے گی اور تعلیم و ریسرچ کے ساتھ ساتھ انوویشن اور آئی ٹی پر بھی فوکس کیا جا ئے گا۔

انہوں نے شاندار کارکردگی کے حامل فزیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے قیام پر یونیورسٹی انتظامیہ کو خراج تحسین بھی پیش کیااور کہا کہ ہم سب کو مل کر پاکستان کو آگے لیکر جانا ہے۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال، پروفیسرڈاکٹر فرحت جبین اور پروفیسرڈاکٹر حسیب انور نے بھی خطاب کیا اور بتایا کہ فزیالوجی ڈیپارٹمنٹ جی سی یونیورسٹی فیصل آبادکا شمار پاکستان کے ان بانی اداروں میں ہوتا ہے جنہوں نے ملک میں پہلی بار بی ایس فزیالوجی کا ایجوکیشن پروگرام متعارف کروایا۔

انہوں نے بتایا کہ فزیالوجی ڈیپارٹمنٹ ملک بھر میں ہیومن ریسورس کے لحاظ سے بھی سب سے بڑا اداراہ ہے جس میں اس وقت انڈر گریجوایٹس طلبا و طالبات کی تعداد400 سے زائد ہے جبکہ 50 سے زائد ایم فل اور20 پی ایچ ڈی سکالر بھی شعبہ میں انرول ہیں۔ اس موقع پر پوسٹرز کے مقابلوں، سٹالز کے مقابلوں،کیریئر لیکچرز اور جنرل ہیلتھ ایویلیوایشن کے ایونٹس کا بھی اہتمام کیا گیا۔