تازہ ترین فیفا رینکنگ، برازیل بدستور پہلے نمبر پر براجمان، بھارتی ٹیم 21 برس بعد دوبارہ ٹاپ 100 میں شامل

82

زیورخ ۔ 05 مئی (اے پی پی) برازیلین ٹیم فیفا کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے، بھارتی ٹیم ایک درجہ ترقی کے ساتھ 21 برس بعد دوبارہ ٹاپ 100 میں شامل ہو گئی۔ فٹ بال کی عالمی تنظیم (فیفا) کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین عالمی رینکنگ کے تحت ابتدائی 23 ٹیموں کی پوزیشنز میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، برازیل پہلے، ارجنٹائن دوسرے، جرمنی تیسرے، چلی چوتھے، کولمبیا پانچویں، فرانس چھٹے، بیلجیئم ساتویں، پرتگال آٹھویں، سوئٹزرلینڈ نویں اور سپین دسویں نمبر پر برقرار ہے، سلواکین ٹیم ایک درجہ تنزلی کے بعد 24ویں نمبر پر چلی گئی۔ بھارتی ٹیم ایک سیڑھی چڑھ کر ٹاپ 100 میں شامل ہو گئی، یہ اس کی دو عشروں بعد بہترین رینکنگ ہے، اس سے قبل بھارتی ٹیم نے 1996ءمیں 94ویں پوزیشن حاصل کی تھی۔