اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):ملک کے تجارتی خسارہ میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر17.09 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے، جاری مالی سال کے دوران پاکستان کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر9.10 فیصد کا اضافہ اور درآمدات میں 4.09 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2023ء سے لے کر اپریل 2024ء تک کی مدت میں پاکستان کا تجارتی خسارہ 19.51 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 23.53 ارب ڈالرکے مقابلہ میں 17.09 فیصدکم ہے۔ اپریل میں پاکستان کے تجارتی خسارہ کاحجم 2.37 ارب ڈالر رہا جوگزشتہ سال اپریل کے مقابلہ میں 180.58فیصدزیادہ ہے،
گزشتہ سال اپریل میں پاکستان کے تجارتی خسارہ کا حجم 846 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا،اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10ماہ میں پاکستان کی برآمدات کاکل حجم 25.28 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 9.10 فیصدزیادہ ہے،
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملکی برآمدات کاکل حجم 23.17 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا، اپریل میں برآمدات سے ملک کو 2.34 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ سال اپریل کے 2.13 ارب ڈالرکے مقابلہ میں 10.02 فیصد زیادہ ہے۔
اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10ماہ میں پاکستان کی کل درآمدات کاحجم 44.79 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 4.09 فیصدکم ہے
، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پاکستان کی مجموعی درآمدات پر46.70 ارب ڈالرکازرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔اپریل میں پاکستان کا درآمدی بل 4.72 ارب ڈالر رہا جوگزشتہ سال اپریل کے 2.98 ارب ڈالرکے مقابلہ میں 58.43 فیصدزیادہ ہے۔