تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر میں حکومت بنائے گی، پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 55ارب روپے نالہ لئی منصوبہ کی تعمیر کے لئے مختص کئے ہیں، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا تقریب سے خطاب

50

راولپنڈی۔9جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کشمیری عوام وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر بھر پور اعتماد رکھتے ہیں کیونکہ عمران خان نے جس طرح مسئلہ کشمیر کو دنیا میں اٹھایا اس کی پاکستان میں مثال نہیں ملتی، آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کی پارٹی ہی حکومت بنائے گی،راولپنڈی والے بھی پی ٹی آئی کے ہی امیدوار کو کامیاب کریں گے۔ وہ جمعہ کو راولپنڈی میں آزاد کشمیر انتخابات کے سلسلے میں ویلی 4 ایل اے 43 میں تحریک انصاف کے امیدوار کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 55ارب روپے کی خطیر لاگت نالہ لئی منصوبہ کے لئے مختص کی ہے، نالہ لئی کی تعمیر اسی سال شروع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نالہ لئی 18کلو میٹر دو رویہ سڑک کی تعمیر کا منصوبہ ہے جو عمار چوک سے شروع ہو کر پنڈورہ تک جائے گی جس کے دونوں اطراف ہائی رائز بلڈنگز بنائی جائیں گی ۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ منصوبہ پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ کے تحت بنایا جائے گا اور اسی سال ٹینڈرڈ کرنے کے بعد شروع کردیا جائے گا۔شیخ رشید احمد نے بتایا کہ نالہ لئی پراجیکٹ راولپنڈی شہر کے لئے گیم چینجر ہوگا اور اس کی تکمیل سے راولپنڈی میں نہ صرف ٹریفک کے دبائو میں کمی آئے گی بلکہ یہ سیلابی صورتحال پر قابو پانے کے ساتھ راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں کے لئے آسانی کاباعث بنے گا جبکہ نالے کی پختگی کے ساتھ کچی بستیاں بھی متبادل جگہوں پر منتقل کی جائیں گی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ کورونا کی چوتھی لہر کے بارے میں عوام میں آگہی ہونی چاہئے، ہمسایہ ممالک میں کورونا وائرس کی وجہ سے مر یضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی شہر میں طبی سہولیات کی صورتحال بہت بہتر ہے لیکن پھر بھی عوام کو احتیاط کرنا ہے۔وزیر داخلہ نے تقریب کے شرکاء کو تاکید کی کہ وہ جلد از جلد ویکسینیشن کرائیں تاکہ کورونا وائرس سے محفوظ رہا جاسکے۔