تحریک انصاف حکومت کی تمام شعبوں میں کارکردگی انتہائی شاندار اور غیرمعمولی ہے ،کورونا کے باوجود ملکی معیشت مستحکم ہوئی ہےجس پر پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں،اسدعمر

68

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت کی جامع پالیسیوں کی بدولت کورونا بحران چیلنجز کے باوجود ملکی معیشت بہتر اور کافی حد تک مستحکم ہوئی ہے جس پر میں پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، دنیا کے کئی ممالک نے وبائی مرض کے دوران پاکستان کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی ہے۔

اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا کے کئی ممالک کی معشتیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں اور ترقی یافتہ ممالک نے وبا کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے تھے تاہم پاکستانی حکومت نے جس طرح سے وبا کو ہینڈل کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کو سنبھالا اس کی مثال نہیں ملتی۔

اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پہلے دن کہہ دیا تھا کہ وبا کے دوران غریبوں کا خیال رکھنا ہے، ان کی ولولہ انگیز قیادت میں تحریک انصاف حکومت نے ملک کے پسے ہوئے طبقے کے لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے اور انہیں وبا سے محفوظ رکھنے کیلئے موثر حکمت عملی اختیار کی جس کی وجہ سے دوسرے ممالک کے مقابلے میں پاکستانی میں صورتحال کافی بہتر رہی اور دنیا پاکستان کی سمارٹ لاک ڈائون پالیسی کی معترف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے علاوہ پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور آزاد جموں و کشمیر میں کیسز کم ہو رہے ہیں۔ اسد عمر نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کی تمام شعبوں میں کارکردگی انتہائی شاندار اور غیرمعمولی ہے جیسا کہ ملکی معیشت صحیح سمت کی جانب گامزن ہے، زراعت اور کاروباری صنعتوں میں گروتھ دیکھی گئی ہے۔