تحریک انصاف نے مریم نواز کو پارٹی عہدہ ملنے کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرادی

75

اسلام آباد ۔ 9 مئی (اے پی پی)پاکستان تحریک انصاف نے مریم نواز کو پارٹی عہدہ ملنے کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرادی ہے۔ جمعرات کو پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ملیکہ بخاری’ پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی ‘ ترقی و اصلاحات شوزب کنول’ پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز فرخ حبیب اور پارلیمانی سیکرٹری برائے اوورسیز پاکستانیز جویریہ ظفر کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز کو پارٹی عہدہ دینا غیر قانونی ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری قانون و انصاف ملیکہ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کو پارٹی عہدہ دینا آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کی خلاف ورزی ہے۔ مریم نواز سزا یافتہ ہیں وہ پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتیں۔ مریم نواز نے ہمیشہ قومی اداروں کے خلاف بیان دیئے۔ پارلیمانی سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی کنول شوزب نے کہا کہ ملک میں جمہوریت ہے اور کسی کو قانون پامال نہیں کرنے دیں گے۔ مریم نواز کسی بھی سیاسی عہدے کے لئے نااہل ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری ریلوے فرخ حبیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو اس عہدے کے لئے کوئی اور شخص نہیں ملا۔ مسلم لیگ ن میں عہدوں کی بندربانٹ جاری ہے۔ مسلم لیگ ن کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں۔ غلط فیصلوں سے مزید پسپا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آئین و قانون کی بالادستی کے لئے ہر ممکن کوششیں کریں گے۔ عوام کے حقوق کو پامال نہیں ہونے دیں گے۔