اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کو عوام نے مکمل طور پر مسترد کر دیا، جیل بھرو تحریک شروع ہونے سے پہلے ہی فلاپ ہو گئی، عمران خان ٹولے کے تین چار لوگ آج قابو میں آ گئے ہیں، جیل بھرو تحریک کے لیے 300 سے 400 لوگ جمع ہوئے، حکومت نے 500 افراد کی گرفتاری کا بندوبست کر رکھا تھا، تین گاڑیوں میں 80 کے قریب لوگ بیٹھے جنہیں حراست میں لیا گیا،قوم کو یرغمال بنانے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
وہ بدھ کی رات یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ وزیر داخلہ راناثناءاللہ خان نے کہا کہ عمران خان پی ٹی آئی کے معصوم کارکنوں کو اپنی سازش کے لیے استعمال کرنا چاہتا تھا لیکن ایک مرتبہ پھر وہ ناکام ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سیاسی مخالفت کو سیاسی دشمنی میں بدل دیا ہے، ہم عمران خان کو اپنا سیاسی حریف ہی سمجھتے ہیں لیکن اگر عمران خان ہمیں دشمن سمجھتا ہے تو پھر وہ ہمارا دشمن ہی ہے، تم چاہتے تو دوبارہ یہ ملک یرغمال بن جائے تو ہم یہ نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے 870 ارب روپے کے ٹیکس لگانے کا مطالبہ کیا تھا لیکن حکومت نے بڑی مشکل سے انہیں 170 ارب روپے کے ٹیکس پر انہیں راضی کیا، کوئی بتائے ہم نے 8 ماہ میں کیا غلط کیا اور معیشت کو کیا نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آج تک دعوے کرنے کےعلاوہ کچھ نہیں کیا،وہ ایک فتنہ ہے جو ملک میں فساد پھیلارہا ہے، 25مئی کو بھی یہ اسلام آباد آکر فساد کرنا چاہتے تھے۔
انہوں نےکہا کہ سیاسی مخالفت کے باوجود شہبازشریف نے کہا کہ آئیں میثاق معیشت کرتے ہیں، لیکن اگر عمران خان ہمیں دشمن سمجھتے ہیں تو ہم بھی انہیں دشمن سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج جو کارکن گرفتار ہوئے ہیں میں سمجھتا ہوں کہ ان کی برین واشنگ ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ معصوم ہیں عمران خان کے جھوٹےبیانیے میں آگئے ہیں، عمران خان ضد میں آکر کہے گا کہ بات مانی جائے تو ایسا نہیں ہوگا، اب ایسا نہیں ہوگا کہ عمران خان کو ریڈ کارپٹ پر اقتدار دیا جائے، جیل بھرو تحریک شروع ہونے سے پہلے ہی فلاپ ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو مل بیٹھ کر بات کرنے کی پیشکش بھی کی گئی، ہم سے بات نہیں کرنا چاہتے تو ہم سے بھی توقع نہ رکھو۔