اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے اپنے تمام کارڈ ز ظاہر کر دیئے ہیں، اسے جلد بہت بڑا سرپرائز دینے والے ہیں، 27 مارچ کا جلسہ تاریخی ہو گا، کسی صورت استعفیٰ نہیں دوں گا، عدم اعتماد والا میچ ہم جیتیں گے، مضبوط فوج ملک کی ضرورت ہے، سیاست کیلئے فوج کو بدنام نہ کیا جائے۔
بدھ کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اگر پاکستانی فوج نہ ہو تو ملک 3 حصوں میں تقسیم ہو جائے، افواجِ پاکستان ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے، فوج کو غلط تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے ، مضبوط فوج ملک کی ضرورت ہے ، سیاست کے لئے فوج کو بدنام نہ کیا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان سیاست کا 12واں کھلاڑی ہے ،فضل الرحمان کے اب ٹیم سے باہر ہونے کا وقت ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ (ن)لیگ اور پی پی کی سیاست چوری اور چوری چھپانا ہے ،کسی کو غلط فہمی ہو سکتی ہے کہ گھر بیٹھ جائوں گا ،کسی صورت استعفی نہیں دوں گا ،کیا چوروں کے دبائو پر استعفیٰ دے دوں ۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار سے ملاقات ہوئی ہے ،ان سے 40 سال پرانا تعلق ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ کیا لڑائی سے پہلے ہاتھ کھڑے کردوں ،عدم اعتماد والا میچ ہم جیتیں گے ،اپوزیشن نے اپنے تمام کارڈ شو کر دیئے ، اپوزیشن کو بہت بڑا سرپرائز دینے والے ہیں، ان کو خود نہیں پتہ کہ ان کے ساتھ ان کے کتنے لوگ رہ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 27 مارچ کا جلسہ تاریخی ہوگا۔