لاہور۔17اکتوبر (اے پی پی):وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف کے آفیشل پیج سے طلبہ کو اشتعال کی ترغیب دی گئی، پی ٹی آ ئی نے منصوبہ بندی کے تحت نجی کالج کی طالبہ کیخلاف پراپیگنڈا کیا ،انصاف اسٹوڈنٹ ونگ کے سابق عہدیدار خود طلبہ کو اشتعال دلاتے رہے،اس کی ویڈیوز بھی موجود ہیں۔
جمعرات کے روز عظمی بخاری نے پی ٹی آئی رہنما احمد خان بھچر کی پریس کانفرنس پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریکِ انصاف کے آفیشل پیج سے طلبہ کو اشتعال کی ترغیب دی گئی،انصاف اسٹوڈنٹ ونگ کے لوگ مار دھاڑ اور جلا ئوگھیرائو میں ملوث پائے گئے، پی ٹی آ ئی نے پلاننگ کے تحت نجی کالج کی ایک طالبہ اور اس کےخاندان کی عزت اچھالی۔ انہوں نے کہا کہ تحریکِ انصاف کے اس پراپیگنڈے کا شکار مریم نواز اور میں خود متعدد بار ہو چکے ہیں،جن لوگوں نے اس سارے معاملے میں پروپیگنڈا کیا اور فیک معلومات پھیلائیں، ان سب کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، چاہے ان کا تعلق کسی بھی شعبے سے ہو۔
عظمی بخاری نے مزید کہا کہ لاہور، راولپنڈی اور گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے تمام شہروں میں حالات معمول کے مطابق اورپولیس امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے۔