33.8 C
Islamabad
اتوار, مئی 11, 2025
ہومقومی خبریںتحقیر پارلیمان بل کی منظوری خوش آئند ہے ، ججز کی تقرری...

تحقیر پارلیمان بل کی منظوری خوش آئند ہے ، ججز کی تقرری کا طریقہ کار تبدیل ہونا چاہئے،ارکان قومی اسمبلی

- Advertisement -

اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):قومی اسمبلی کے ارکان نے تحقیر پارلیمان بل کی منظوری کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ ان قوانین پرعملدرآمد بھی ہونا چاہئے، ججز کی تقرری کا طریقہ کار تبدیل ہونا چاہئے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر مسلم لیگ (ن) کے رانا محمد قاسم نون نےکہا کہ آج کا دن ملک کی پارلیمانی تاریخ میں اہمیت کا حامل دن ہے، تحقیر پارلیمان بل کی منظوری خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان کو مدر آف آل انسٹی ٹیوشنز کہا جاتا ہے مگر جس طرح کا سلوک اس ادارے کے ساتھ ہوا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ بل کی منظوری کے بعد ایوان کی توہین پر کارروائی ہوسکے گی۔ وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویرحسین نے کہا کہ تحقیرپارلیمان بل اہمیت کا حامل ہے۔ ماضی میں وزارتوں کے سوالات کے وقت افسران حاضر ہوتے تھے، ہائوس آف کامنز کی اپنی حوالات ہے اور وہاں پر توہین پارلیمنٹ کے ملزمان کو رکھا بھی جاتا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ قوانین اچھے ہوتے ہیں مگر ان پر عملدرآمد بھی ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ججزکی تقرری کا طریقہ کار بھی تبدیل ہونا چاہئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ موروثی سیاست امریکا ، کینیڈا اور سنگاپور جیسے ممالک میں بھی ہے مگر پاکستان میں اس حوالہ سے پراپیگنڈہ ہوتا ہے۔ چیمبرز سے جج آرہے ہیں اور ایسے جج صاحبان فیصلے کرتے وقت اپنے اپنے چیمبرز کی طرف دیکھتے ہیں ۔جب تک ججز کی تقرری کا طریقہ کار تبدیل نہیں ہوتا اس وقت تک نظام انصاف درست نہیں ہوسکتا۔

سپیکر نے کہا کہ وقفہ سوالات اہم بزنس ہوتا ہے، وزیراعظم نے تمام وزارتوں کو خط بھی لکھا ہے جبکہ استحقاق کمیٹی سے بھی کہا ہے کہ وہ اس حوالہ سے اقدامات کرے۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ وقفہ سوالات میں تقاریر نہیں ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پی اے سی میں ایک سال پہلے ایف بی آر کی طرف سے اعدادوشمار دیئے گئے تھے، اس وقت عدلیہ میں 2ہزار ارب روپے کے مقدمات زیر التواء ہیں ، جو ادارے ٹیکس نہیں دیتے وہ 50 لاکھ روپے تک کے وکیل کرلیتے ہیں جبکہ ایف بی آر کے عام وکلا ہوتے ہیں۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=363591

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں