فیصل آباد۔ 11 ستمبر (اے پی پی):تحقیقاتی ادارہ روغندار اجناس ایوب ریسرچ فیصل آباد نے کینولا کی منظور شدہ اقسام کا اعلان کردیاہے اور اس کی کاشت 15 ستمبر سے شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ادارہ کے ترجمان نے بتایا کہ کاشتکار ہائیوالا 401 ہائبرڈ، کنگولا ہائبرڈ، گولڈ سٹار ہائبرڈ، ساندل کینولا، سپر کینولا اور آری کینولا کی کاشت 15 ستمبر سے شروع کرکے 30 ستمبر تک مکمل کرتے ہوئے بہترین پیداوار حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے ملک میں تیل پیدا کرنیوالی فصلات میں کینولا، رایا اور سرسوں پیداوار کے اعتبار سے نمایا ں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کینولا کی شاندار پیداوار حاصل کرنے کیلئے اسے شیڈول کے مطابق مقررہ وقت کے درمیان کاشت کرنا انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر رایا، سرسوں اور توریا کی بجائے کینولا کی کاشت کو ترجیح دی جائے تو اعلیٰ معیار کا تیل حاصل کرکے تیل کی کمی پر قابو پایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہسازگار موسم کے باعث رواں سال کینولا کی شاندار فصل ہونے کا بھی امکان ہے۔انہوں نے بتایاکہ سازگار موسمی حالات، بروقت بارشوں اور مناسب وتر کی موجودگی سے کینولا کی شاندار فصل حاصل ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہاکہ کاشتکار پنجاب سرسوں اور خان پور رایاکی کاشت بھی مذکورہ شیڈول کے مطابق کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مذکورہ کاشت کیلئے ڈیڑھ فٹ کے فاصلے پر قطاریں بنائی جائیں اور بوائی کے وقت ایک بوری ڈی اے پی اور آدھی بوری یوریا فی ایکڑ استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ رایا سرسوں اور کینولا کا 2 کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔انہوں نے کہاکہ فصل کو بوائی کے بعد پہلا پانی 15 سے 20 روز کے اندر، دوسرا پانی پھل نکلتے وقت اور تیسراپانی بیج بنتے وقت لگایاجائے۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت کی خدمات سے بھی استفادہ کیاجاسکتاہے۔