اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):کشمیر ایورنیس فورم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی نے ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر اٹھانے پر ان سے اظہار تشکر کیا ہے۔
بدھ کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ترک صدر نے کشمیر کے بارے میں اپنے موقف کا اعادہ کیا جس میں انہوں نے اس بات کا واضح طور پر ذکر کیا کہ کشمیر کے 74 سال پرانے مسئلہ کو فریقین کے درمیان بات چیت اور اقوام متحدہ کی پاس کردہ قراردادوں کے فریم ورک میں رہتے ہوئے حل تلاش کیا جانا چاہئے۔
ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا کہ ترکی کے صدر کے اس موقف اور بیان نے کشمیری عوام کو حوصلہ دیا ہے۔ صدر رجب طیب اردگان نے کشمیر میں امن کی ضرورت پر زور دیا ہے اور اس کے لیے کشمیری ان کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر اردگان کے پیغام کی اہمیت کا مقصد تنازعہ کے تمام فریقوں کے درمیان بات چیت کو فروغ دینا ہے، تنازعہ کے حل کے لئے حقیقی اور پائیدار امن کے حصول کا یہی واحد ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے اس دیرینہ تنازعہ کی وجہ سے طویل اور غیر ضروری مصائب برداشت کیے ہیں۔
کشمیر ایورنیس فورم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا کہ کشمیری عوام ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کی اس موقف سے بھی متفق ہیں کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عالمی برادری عالمی مسائل کے حل میں زیادہ موثر کردار ادا کرسکے۔