رحیم یارخان ۔ 06 جنوری (اے پی پی):خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی (KFUEIT) میں "پروکیورمنٹ پلاننگ” کے موضوع پر استعداد کار بڑھانے کے لیے منعقدہ تربیتی پروگرام اختتام پذیر ہوگیا۔ یہ پروگرام نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (NAHE) کے زیر اہتمام اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے تعاون سے منعقد کیاگیاتھا۔ تقریب میں جامعہ کے وائس چانسلر، پروفیسر انجینئر ڈاکٹر عامر اعظم خان، رجسٹرار ڈاکٹر جاوید اقبال، ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد بلال طاہر، اور NAHE کی ڈپٹی ڈائریکٹر سعدیہ بخاری نے شرکت کی۔
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (GCU) سے آئے ماسٹر ٹرینر ڈاکٹر صفدر حسین بھی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر عامر اعظم خان نے پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ تربیت یونیورسٹی کے عملے کی پروکیورمنٹ صلاحیتوں کو بہتر بنانے، وسائل کے مؤثر انتظام کو یقینی بنانے، اور قومی و بین الاقوامی معیارات کی پاسداری میں معاون ثابت ہوگی۔
انہوں نے ہائر ایجوکیشن کے شعبے میں پیشہ ورانہ ترقی کی حمایت کے لیے KFUEIT کی جاری کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔ شرکاء نے تربیتی پروگرام کو بھرپور سراہا ۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ یہ اقدام خواجہ فرید یونیورسٹی کی اپنے فیکلٹی اور عملے کو عملی مہارتوں سے آراستہ کرنے اور اعلیٰ تعلیم کے اداروں میں شفافیت اور کارکردگی کو فروغ دینے کے عزم کا مظہر ہے۔\378