ترجمان دفتر خارجہڈاکٹر محمد فیصل کی ہفتہ وار پریس بریفنگ

55

اسلام آباد ۔ 8 مارچ (اے پی پی)دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ افغانستان میں داعش کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر پاکستان سمیت خطے کے تمام ممالک کے تحفظات ہیں۔افغانستان میں امن و استحکام پاکستان اور امریکا کا مشترکہ مقصد ہے۔پاکستان افغان صدر اشرف غنی کے امن وژن کا خیر مقدم کرتا ہے۔پاکستان میں دہشت گرد گروپوں کی کوئی منظم موجودگی نہیں،پاکستان خطے کا واحد ملک ہے جس نے دہشت گردی کیخلاف کامیاب جنگ لڑی اور اپنی سرزمین سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کر دیا ہے۔بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہاءکر دی ، مہذب معاشروں میں اس قسم کے مظالم کا کوئی تصور نہیں، انٹر نیشنل کمیونٹی بھارتی مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتی، بین الاقوامی برادری کومقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مظالم کا نوٹس لینا چاہیئے۔جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام معاملات بات چیت کے ذریعے حل کرنے کیلئے تیار ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بے شمار مسائل ہیں اس وقت مذاکرات کا عمل تعطل کا شکار ہے ۔