اسلام آباد ۔ 19 ستمبر (اے پی پی) ترجمان وزیر اعظم ندیم افضل چن نے کہا کہ نیب جب بھی کسی سیاسی رہنما کو گرفتار کرتی ہے تو اپوزیشن شور مچانا شروع کر دیتی ہے، کہا جاتا ہے کہ ریاست اور جمہوریت کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ ماضی کی حکومیتں اداروں کوآزادانہ کام کرنے نہیں دیتی تھیں، جس کی وجہ سے وہ انصاف نہیں کر پا رہے تھے،جو بھی کرپشن کرے گا اس کا قانو ن کے مطابق احتساب ہو نا بہت ضروری ہے ،کیونکہ جب تک کسی معاشرے میں انصاف نہیں ہو گا ، وہ معاشرہ کبھی ترقی نہیں کر سکتا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے ،اسی طرح دوسرے ادارے بھی آزاد اور خود مختارہوکر کام کررہے ہیں،ہم تمام اداروں کو آزاد اور خود مختار بنانا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومیتں ان اداروں کوآزادانہ کام کرنے نہیں دیتی تھیں، جس کی وجہ سے وہ انصاف نہیں کر پا رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کسی سے بھی سیاسی انتقام نہیں لے رہی ،یہ ملک کی بہتری کے لیے ایک اہم قدم ہے۔