ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،وزیر اعظم محمد شہباز شریف

118
ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،وزیر اعظم محمد شہباز شریف

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہےکہ ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر میں کسی قسم کا تعطل قبول نہیں،ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی معینہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے۔وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں جاری بڑے ترقیاتی منصوبوں پر جائزہ اجلاس جمعہ کو منعقد ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ، مشیرِ وزیرِ اعظم احد خان چیمہ، سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی، ڈی جی ایف ڈبلیو او، ڈی جی این ایل سی، چیئرمین سی ڈی اے اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی تعمیراتی کام کی خود نگرانی کرکے معیار کو یقینی بنائیں،ترقیاتی منصوبوں کی لینڈ اسکیپنگ پر خصوصی توجہ دی جائے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی لینڈ اسکیپنگ کرتے وقت بین الاقوامی معیار کو مدنظر رکھا جائے۔اجلاس کو سی ڈی اے کے اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔