ترک صدر رجب طیب ایردوان کا اسلام آباد آمد پر فقیدالمثال استقبال، صدر مملکت آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے نورخان ائیر بیس پر نہایت پرتپاک خیرمقدم کیا

224

اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان بدھ کی شب پاکستان کے دو روزہ دورے پر یہاں نور خان ایئربیس پہنچے تو ان کا نہایت فقیدالمثال اور شایان شان استقبال کیا گیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ترک رہنماکانہایت پرتپاک خیرمقدم کیا۔ترک خاتون اول بھی ترک صدر کے ہمراہ تھیں۔اس موقع پرخاتون اول آصفہ بھٹو زرداری، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹرمحمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیراطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ بھی موجودتھے،پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد پاک فضائیہ کے جے ایف 17 طیاروں نے ان کا فضائی استقبال کیا اور انکے جہاز کو اپنی حصار میں اسلام آباد لائے۔

معزز مہمان کے اعزاز میں 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی جو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے سفارتی اور تزویراتی تعلقات کی علامت ہے۔نور خان ائیر بیس پر استقبالیہ تقریب کے دوران صدر رجب طیب اردوان اپنے خصوصی طیارے سے اترے تو انہیں گلدستہ پیش کیا گیا، ملٹری بینڈ کی دلکش پرفارمنس پیش کی گئی جبکہ پاکستان اور ترکیہ کے جھنڈے لہراتے بچوں کی جانب سے ان کا والہانہ استقبال کیا گیا ۔ ترک صدر کے دورہ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت کی نہایت خوبصورتی سے سجاوٹ کی گئی ہے شاہراہوں اور چوراہوں پر خیرمقدمی بینرز اور دونوں ممالک کے پرچم آویزاں کئے گئے ۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان پاکستان کا دو روزہ دورہ کر رہے ہیں ،صدر اردوان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہے جس میں وزراء اور اعلیٰ حکام کے علاوہ کاروباری شخصیات شامل ہیں۔ دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور صدر رجب طیب ایردوان آج (جمعرات کو) پاک ترک اعلیٰ سطحی سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

سیشن کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ اور متعدد اہم معاہدوں؍ایم او یوز پر دستخط کیے جانے کی توقع ہے۔ صدر اردوان ،وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری سے بھی دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ وہ پاکستان ترک بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کریں گے جس میں دونوں اطراف کے سرکردہ سرمایہ کار، کمپنیوں اور کاروباری افراد شریک ہوں گے۔