ترک صدر کی وزیراعظم محمد نواز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس

133
APP62-17 ISLAMABAD: November 17 - Prime Minister Muhammad Nawaz Sharif and President of Republic of Turkey Recep Tayyip Erdogan at the Joint Press-Stakeout at PM House. APP

اسلام آباد ۔ 17 نومبر (اے پی پی) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے مسئلہ پر ترکی پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا، مسئلہ کشمیر کو پاک۔بھارت بات چیت کے ذریعے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں وزیراعظم ہاﺅس میں وزیراعظم محمد نواز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ ترک صدر نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر پر بھرپور حمایت جاری رکھیںگے جیسا کہ ترکی کشمیر کے بارے میں او آئی سی رابطہ گروپ کا موجودہ صدر بھی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ کو ایک ایسے حل کی ضرورت ہے جو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت کے میکنزم پر مبنی ہو۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری بہن بھائی ایک ایسے نکتہ پر پہنچ چکے ہیں جنہیں ہم مزید نظر انداز نہیں کر سکتے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایل او سی پر بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے رجب طیب اردوان نے کہا کہ ہمیں لائن آف کنٹرول پر کشیدگی اور جانوں کے ضیاع پر بہت تشویش ہے اور ہم اس پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔