ترکوں کے جسم میں پاکستان اور پاکستانیوں کے جسم میں ترکوں کا دل دھڑکتا ہے،ترک سفیر

162

اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):ترک سفیر احسان مصطفےٰ یرداکل نے کہا ہے کہ ترکوں کے جسم میں پاکستان اور پاکستانیوں کے جسم میں ترکوں کا دل دھڑکتا ہے۔پاکستان اور ترکی کے تاجر برادری میں رابطوں کی کمی ہے۔وہ ترکی اردو نے پوری کر دی ہے ۔ وہ بدھ کو اسلام آباد میں ترکی اردو کے زیر اہتمام پاک ترک تعلقات میں میڈیا کے کردار کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں خطاب کر رہے تھے ۔ترک سفیر نے کہا کہ ترکی اور پاکستان میں بہت سے میڈیا ہاوسز کام کر رہے ہیں ۔ ٹی آر ٹی ایک پیشہ وارانہ خبروں کا ادارہ ہے ۔ اس کے علاوہ اینادولو ایجنسی بہترین کام کر رہی ہے اور جو کچھ کمی رہ گئی تھی وہ ترکی اردو نے پوری کر دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کو یہ دیکھنا ہے کہ کون سے مشترکہ بیانیہ میڈیا میں لایا جائے کیونکہ دونوں ملکوں میں پروفیشنل میڈیا کی کمی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترکوں کو اردو اور پاکستانیوں کو ترکی ضرور سیکھنی چاہئے لیکن ہمارے تعلقات زبان سے کہیں زیادہ بالاتر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ترکوں کے جسم میں پاکستان اور پاکستانیوں کے جسم میں ترکوں کا دل دھڑکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترکی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی طالب علم دونوں ملکوں کا سرمایہ ہیں ۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تاجر برادری میں رابطوں کی کمی ہے انہوں نے پاکستانی تاجروں سے کہا کہ وہ مشترکہ سرمایہ کاری کے لیے ٹھوس تجاویز اور منصوبہ بندی لے کر میرے پاس آئیں تو پھر ہم ترک سرمایہ کاروں کے ساتھ ان کی مشترکہ ملاقات کا اہتمام کریں گے ۔ انہوں نے عبدالرحمٰن پشاوری کی زندگی پر بننے والے ترک لالہ ٹی وی ڈرامہ سیریل کے حوالے سے کہا کہ آپ مجھے دوسرا ترک لالہ سمجھ سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان میں ترکی کا سفیر نہیں بلکہ میں ترکی میں پاکستان کا سفیر ہوں ۔ ترکی اردو کے ایگزیکٹو ایڈیٹر محمد حسان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ترکی اردو صرف خبروں کی اشاعت کا ہی پلیٹ فارم نہیں ہوگا ۔۔ بلکہ ہم ترکی اور پاکستان کے درمیان تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں ۔ ہم تعلیم صحت اور کاروبار کے باہمی اشتراک سے دونوں برادر ممالک میں ترقی و خوشحالی، امن اور محبت کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ہمارے دل اور جذبات باہمی محبت میں جڑے ہیں ہم” الگ قومیں مگر ایک ملت ” کے سلوگن پر یقین رکھتے ہیں ۔ ہم ترکی پاکستان آزربائیجان سمیت تمام مسلم ممالک میں علم اور بزنس کے اشتراک سے مضبوط اور خوشحال ملت کے سفر پر گامزن ہیں۔تقریب سے وفاقی وزیر امور کشمیر شہریار خان آفریدی اور سینٹر طلحہ محمود، دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل نعیم لودھی ، انصاری فلمز کے ڈائریکٹر ثاقب انصاری ، الخدمت کے مرکزی صدر عبدالشکور ، رفیع اللہ ، سکائی نیوز کے سی ای او سید مصطفےٰ حسین سمیت دیگر نے بھی اظہار خیال کیا ۔