ترکی میں سفیر پاکستان کی رہائش گاہ پر یومِ پاکستان کی سالگرہ کی تقریب

86
ترکی میں سفیر پاکستان کی رہائش گاہ پر یومِ پاکستان کی سالگرہ کی تقریب

انقرہ ۔24مارچ (اے پی پی):ترکی میں سفیر پاکستان کی رہائش گاہ پر یومِ پاکستان کی سالگرہ کی تقریب منعقد کی گئی ۔اس خصوصی تقریب میں سفارتخانہ پاکستان کے سفارتکاروں،اور سٹاف کے علاوہ انقرہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی، ترک مہمانوں اور مقامی میڈیا نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

دارلحکومت انقرہ میں سفیر پاکستان کی رہائش گاہ کے احاطے میں سب سے پہلے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی ۔ قومی ترانے کی ہمراہی میں سفیر محمد سائرس سجاد قاضی نے چاند ستارے والے پرچم کوبلند کیا۔ یومِ قرار داد پاکستان کی 82 ویں سالگرہ کے موقع پر تمام حاضرین اور خاص طور پر پاکستان انٹرنیشنل سکول کے بچوں نے اس خصوصی تقریب میں ہاتھوں میں پرچم لہرا کر سماں باندھ دیا۔ حاضرین نے قومی ترانہ پڑھا۔

پر چم کشائی کی اس تقریب کے بعدسفیر پاکستان کی رہائش گاہ کے ہال میں تقریب کا با قاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔بعدازاں سفیرِ محمد سائرس سجاد قاضی نے شرکائے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کی اور اس موقع کی مناسبت سے اپنے دلی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دن ہمارے پیارے وطن کے نظریے کی بنیاد رکھی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک آزادی کے علم کو ہمیشہ بلندیوں پر لہراتا رہے گا۔ خوشحالی اور کامیابیاں اس کے قدم چومیں گی اور یہ عالمی سطح پر اپنے وقار اور طاقت کو مزید تقویت دیتا رہے گا۔

سفیر پاکستان کے خطاب کے بعد پاکستان کی ترقی ، خوشحالی اور امن و امان کے قیام کے لیے خصوصی دعا بھی کروائی گئی۔ دعا کے بعد سفیر پاکستان ، ان کی اہلیہ اور دیگر سفارتکاروں، ان کی بیگمات اور بچوں نے مل کر کیک کاٹا ۔یومِ پاکستان کی یہ خصوصی تقریب انواع اقسام کے کھانوں سے سجی ہوئی تھی جن کے ذائقوں کو تقریب میںشامل ترک باشندوں نے بے حد پسند کیا ۔