ترکی کے سرمایہ کاروں کے وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

107

اسلام آباد ۔ 6 فروری (اے پی پی) ترکی کے سرمایہ کاروں کے وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور پاکستان میں تعمیرات و انفراسٹرکچر کی ترقی سمیت دیگر شعبوں میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد میں ترکی کی ہدروکان کمپنی کے نمائندے صادق کایا، کرازر کمپنی کے نمائندے فواد اے کرد اور دیگر شامل تھے جس کی قیادت یوسیسر کنسٹرکشن کمپنی لمیٹڈ، استنبول کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین یوصل سمسیک کر رہے تھے۔ ترکی وفد کے سربراہ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ترکی کے دورہ کے موقع پر 50 لاکھ گھر تعمیر کرنے سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں ترکی کے سرمایہ کاروں کو آگاہ کیا تھا اور ان کا موجودہ دورہ کرنے کا مقصد پاکستان میں کاروباری شراکتوں و سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں اعلیٰ معیار کی تعمیرات کرنے میں ترکی کا دوسرا نمبر ہے اور استنبول چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران میں 55ہزار کمپنیاں تعمیرات کے شعبے سے وابستہ ہیں جو پاکستان میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ترکی کی کمپنیاں پاکستان میں گھروں، سڑکوں اور بلند ٹاورز کی تعمیر سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتی ہیں۔انہوںنے کہا کہ بھارت نے بہتر پالیسیاں بنا کر ترکی کے بہت سے سرمایہ کاروں کو اپنی طرف راغب کیا ہے جبکہ پاکستان اور ترکی کی باہمی تجارت بڑھنے کی بجائے کم ہو رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک مضبوط کاروباری تعلقات قائم کرنے پر توجہ دیں جس سے دونوں کو بہتر فوائد حاصل ہوں گے۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ پاکستان کے تعمیراتی شعبہ میں ترکی کے سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش مواقع پائے جاتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے جس وجہ سے کمرشل و رہائشی بلڈنگ سمیت شہری و دیہی علاقوں میں انفراسٹریچکر کی ترقی کی ضرورت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔ اس کے علاوہ موجودہ حکومت نے پانچ سال کے دوران کم آمدنی والے طبقے کیلئے ملک میں پچاس لاکھ گھر تعمیر کرنے کا پروگرام بنایا ہوا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ترکی کے سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں سیاحت کے شعبہ میں بھی سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں کیونکہ موجودہ حکومت سیاحت کو فروغ دینے میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہے۔ لہذا انہوں نے کہا کہ ترکی کے سرمایہ کاروں کیلئے یہ اچھا موقع ہے کہ وہ پاکستان میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری بڑھانے پر زیادہ توجہ دیں جس سے ان کو پرکشش منافع حاصل ہو گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات پائے جاتے ہیں اور پاکستانی عوام کی یہ ترجیح ہے کہ ترکی کے سرمایہ کار ہمارے ملک میں تعمیرات سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔ انہوںنے کہا کہ حکومت پاکستان نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش پالیسیاں بنائی ہوئی ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ ترکی کہ سرمایہ کار پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کر کے ان مراعات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔