ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب

178
APP59-17 ISLAMABAD: November 17 - President of Republic of Turkey Recep Tayyip Erdogan addressing the Joint Session of Parliament at Parliament House. APP

اسلام آباد ۔17 نومبر (اے پی پی) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان اور ترکی کے درمیان سیاست‘ معیشت‘ دفاع‘ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنی اقدار کے تحفظ کے ساتھ ساتھ جمہوریت پر عملدرآمد کو کامیابی کے ساتھ سرانجام دینے کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلم امہ کے لئے ایک اہم مثال قائم کی ہے‘ ترکی کو کشمیر میں حالیہ بھارتی مظالم پر گہری تشویش ہے اور وہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کا خواہاں ہے اور اس ضمن میں وہ اپنا کردار ادا کرے گا‘ دونوں ملکوں کو مذاکرات کے ذریعے اس مسئلے کا حل نکالنا چاہیے‘ بین الاقوامی طاقتوں کو بھی اس ضمن میں کردار ادا کرنا چاہیے‘ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوستانہ اور اچھے تعلقات خطے کے لئے ضروری ہیں۔ جمعرات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ میں آپ سب کو اپنی‘ اپنے وفد اور ترک قوم کی جانب سے دلی جذبات‘ احترام‘ محبت و خلوص بھرا سلام پیش کرتا ہوں۔ میں ترکی سے آپ سب کے لئے محبتیں سمیٹنے ہوئے آیا ہوں۔ میں ایک بار پھر تمام تر پاکستانی بھائیوں سے اپنی محبت‘ احترام اور خلوص کا اظہار کرتا ہوں۔ 2012ءکے دورہ پاکستان کے دوران بھی میں نے قومی اسمبلی و سینٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی تھی۔ تقریباً ساڑھے چار سال بعد قومی حاکمیت کی علامت ہونے والے اس ادارے کی چھت تلے ایک بار پھر آپ کے ساتھ یکجا ہونا میرے لئے انتہائی مسرت کا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی اقدار کے تحفظ کے ساتھ ساتھ جمہوریت پر عملدرآمد کو کامیابی کے ساتھ سرانجام دینے کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلم امہ کے لئے ایک اہم مثال قائم کی ہے۔ اس احسن کامیابی پر آپ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔