اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی): ترکیہ و شام کیلئے امدادی سامان کی بڑی کھیپ سول بحری جہاز کے ذریعے کراچی سے روانہ کر دی گئی ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے ترکیہ و شام کےلیے مزید امدادی کھیپ روانہ کی ہے ۔ امدادی سامان سے لدے 65 کنٹینرز سول بحری جہاز کے ذریعے روانہ کئے گئے ہیں۔
اس کھیپ میں ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لیے 8200 خیمے، 15000 راشن بیگز اور دیگر ضروری اشیا شامل ہیں ۔ امدادی سامان لیکر روانہ ہونے والا سول بحری جہاز پندرہ دنوں میں منزل پر پہنچے گا۔ترجمان نے کہا کہ این ڈی ایم اے پاکستانی عوام کی جانب سے زلزلہ زدہ ترک و شامی بھائیوں کی مدد کے لیے مسلسل مصروف عمل ہے۔